سال 2023ء کا تیسرا اتوار ہے، سالِ رفتہ خواہ کیسا ہی کیوں نہ گزرا ہو، یہ فطرتِ انسانی ہے کہ نئے سال کا آغاز خاصی خوش اُمیدی اور خوش گمانی کے ساتھ ہی ہوتا ہے اور یہ مشرق کی خاص روایت ہے کہ موقع خوشی کا ہو، تو میٹھے کا کچھ نہ کچھ اہتمام کرہی لیا جاتا ہے۔ تو چلیں، آج منہ میٹھا کرنے کی اسی روایت کے لیے کچھ خاص تراکیب ہم پیش کیے دیتے ہیں۔
گاجر کی کھیر
اجزاء: دودھ ایک کلو، گاجر ایک کپ (کدّوکش کی ہوئی)، اُبلے ہوئے چاول آدھا کپ، کنڈینسڈ ملک آدھا ٹِن، پسے ہوئے بادام چار چمچ، چھوٹی الائچی چار عدد، کشمش پندرہ عدد، شکر حسبِ ذائقہ۔
ترکیب: دودھ میں کدّوکش کی ہوئی گاجریں، چھوٹی الائچی اور اُبلے ہوئے چاول ڈال کر پکنے کے لیے رکھ دیں۔ جب گاجر اور چاول اچھی طرح مکس ہوجائیں، تو اس میں شکر کنڈینسڈ مِلک اور پستے، بادام شامل کرلیں،گاڑھا ہونے پر اُتار لیں اور کشمش ڈال کر مکس کرلیں۔ (کہکشاں جاوید، لاہور)
چاکلیٹ کیک
اجزاء: مکھن آدھا کپ، باریک پسی ہوئی چینی آدھا کپ، انڈے دو عدد، میدہ آدھا کپ، کوکو پاؤڈر پاو ٔ کپ، بیکنگ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ۔
ترکیب: مکھن اور شکر کو اتنا پھینٹیں کہ وہ فلفی ہو جائے،اب اس میں انڈے شامل کرتے ہوئے مکس کرتے جائیں، پھر میدہ، کوکو پاؤڈر اور بیکنگ پاوڈر چھان کر بیٹر میں شامل کرلیں اور اچھی طرح مکس کریں۔ اب یہ بیٹر چِکنے (Greased) پین میں ڈال کر 180سینٹی گریڈ پربیک کریں۔ بعد ازاں،ٹھنڈا ہونے پر سرونگ پلیٹر میں نکال کر گارنش کرلیں۔ (مہک عمران، کراچی)
ترکش سیمولینا کیک (REVANI)
سیرپ بنانے کے لیے:
اجزاء: شکر تین کپ، پانی چار کپ، لیموں کا رس دو کھانے کے چمچ۔
کیک تیار کرنے کے لیے:
اجزاء: انڈےنو عدد، چینی سوا تین کپ، دو لیموں کا گودا، سوجی کی کریم یا پیسٹ دو کپ، گندم کا آٹا ایک تہائی کپ، مکھن پگھلا ہواچار کھانے کے چمچ، گاڑھی کریم ایک کپ (ایک چمچ چینی ملالیں)، کٹے ہوئے ڈرائی فروٹس ایک کپ۔
ترکیب: سب سے پہلے سیرپ تیار کرلیں، جس کے لیے چینی، پانی اور لیموں کا رس ایک برتن میں ڈال کر پندرہ منٹ تک اُبالیں۔ اس کے بعد اس سیرپ کو فریج میں ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔ پھر ایک علیحدہ برتن میں انڈوں کی زردی نکال کر لیموں کے گودے اور چینی کے ساتھ اُس وقت تک پکائیں، جب تک اجزاء کا رنگ زرد نہ ہوجائے۔ پھر اس میں سوجی کی کریم یا پیسٹ اور آٹا ڈال کر اسے اچھی طرح مکس کرکے ایک طرف رکھ لیں۔
انڈے کی سفیدی کو ایک الگ برتن میں رکھ دیں یا چاہیں تو سفیدی کو مکھن کے ساتھ مکس کرلیں، پھر ڈرائی فروٹ اور کریم کے علاوہ تمام چیزیں مکس کرکے ایک بیکنگ پین میں ڈال کر قریباً چالیس منٹ تک بیک کریں۔ اس کے بعد بیکنگ پین کو نکال کر، گرم گرم کیک کے اوپر تیار کردہ سیرپ ڈال دیں۔جب کیک ٹھنڈا ہوجائے اور سیرپ اس میں جذب ہوجائے، تو کیک کو ٹکڑوں میں کاٹ کر اسے کریم اور ڈرائی فروٹ سے سجائیں اور کھانے کے لیے پیش کریں۔ (زینب فاطمہ، ملتان)
اسٹرابیری شیک
اجزاء: اسٹرابیری دو کپ (کٹی ہوئی)، شکر چار کھانے کے چمچ یا حسبِ ذائقہ، دودھ تین کپ، برف دو کپ۔
ترکیب: تمام اجزاء کو بلینڈر میں ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں اور گلاسز میں ڈال کر پیش کریں۔ مزےدار اسٹرابیری شیک تیار ہے۔ (روبینہ سلیم، چکوال)