بھارتی بھتہ خور سوکیش چندر شیکھر نے اپنی محبوبہ اداکارہ جیکولین فرنینڈس کو کرسمس کے موقع پر انوکھا تحفہ بھیج دیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سوکیش چندر شیکھر نے کرسمس کے موقع پر جیکولین فرنینڈس کو فرانس کے جنوبی علاقے میں موجود 107 سال پرانا انگوروں کا ایک باغ تحفے میں دیا ہے۔
تہاڑ جیل میں قید سوکیش چندر شیکھر نے بھارتی اداکارہ کو اس انوکھے تحفے کے ساتھ ایک خط بھی لکھا ہے جس کی تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
بھتہ خور نے جیکولین فرنینڈس کو اپنے خط میں’بے بی گرل‘ کہہ کر مخاطب کیا ہے اور کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے ان سے اپنی محبت کا اظہار کیا ہے۔
سوکیش چندر شیکھر نے خط میں بھارتی اداکارہ سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا ہے کہ تم سے یہ دوری مجھے تمہارا سانٹا کلاز بننے سے روک نہیں سکتی۔
بھتہ خور نے لکھا ہے کہ اس سال میں تمہیں ایک بہت ہی خاص تحفہ دے رہا ہوں۔
سوکیش چندر شیکھر نے لکھا ہے کہ اس سال میں تمہیں صرف شراب کی بوتل نہیں بلکہ محبت کے ملک ’فرانس‘ میں موجود انگوروں کا ایک پورا باغ تحفے میں دے رہا ہوں اور یہ وہ تحفہ ہے جس کا تم نے اپنی زندگی میں کبھی خواب بھی نہیں دیکھا ہو گا۔
بھتہ خور نے لکھا ہے کہ میں تمہارا ہاتھ تھام کر اس باغ میں چہل قدمی کرنے کے لیے بے چین ہوں۔
سوکیش چندر شیکھر نے مزید لکھا ہے کہ میرے اس اقدام پر شاید دنیا سمجھے کہ میں پاگل ہوں، مگر میں تمہاری محبت میں پاگل ہوں۔
بھتہ خور نے اپنے خط میں یہ بھی لکھا ہے کہ میرے جیل سے باہر آنے تک انتظار کرو، پھر پوری دنیا ہمیں ایک ساتھ دیکھے گی۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سوکیش چندر شیکھر کے خیالات کو ’عجیب اور ناممکن‘ قرار دیا جا رہا ہے۔