• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اردو بھارت کے ہندی پڑھنے والے نوجوانوں میں مقبول ہورہی ہے، بھارتی مصنف

فوٹو: جنگ
فوٹو: جنگ

بھارتی مصنف، مکالمہ نویس، صحافی اور خاکہ نگار جاوید صدیقی نے کہا ہے کہ اردو بھارت کے ہندی پڑھنے والے نوجوانوں میں مقبول ہورہی ہے۔ 

جاوید صدیقی کے اعزاز میں انجمن ترقی اردو پاکستان کے دفتر ’اردو باغ‘ میں تقریبِ ملاقات کا اہتمام کیا گیا۔

اس تقریب کی صدارت صدر انجمن واجد جواد نے کی۔ تعارفی کلمات سیّد عابد رضوی نے ادا کیے اور مہمانِ خصوصی کے ساتھ شریکِ گفتگو محترمہ زاہدہ حنا، ڈاکٹر فاطمہ حسن، ڈاکٹر شاداب احسانی اور ڈاکٹر عظمیٰ فرمان رہے۔ جب کہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر یاسمین فاروقی نے ادا کیے۔

اس موقع پر جاوید صدیقی نے کہا کہ اردو بھارت کے ہندی پڑھنے والے نوجوانوں میں مقبول ہو رہی ہے جو اردو رسم الخط سے واقف نہیں ہیں لیکن پھر بھی ان شاعری میں کلاسیکی روایتی خوشبو موجود ہے۔

انہوں نے اردو کے مستقبل سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ اردو کے پیچھے رہ جانے کی وجہ ہم خود ہیں۔ اگر آپ کو اردو آتی ہے تو ایک آدمی کو اردو سکھادیں، اس طرح چراغ سے چراغ جلتا جائے گا۔

جاوید صدیقی نے مزید کہا کہ لفظوں میں جان ہوتی ہے، انہیں احتیاط سے برتنا چاہیے۔ جب آپ کو یہ احساس ہوجائے کہ ان میں جان ہے تو آپ غلطی نہیں کرسکتے۔

اس موقع پر شہر کی معروف ادبی، سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی جن میں امریکا سے تشریف لائی ہوئی صحافی اور ادیبہ محترمہ نظیرہ اعظم، کینیڈا سے آئے ہوئے ادیب ہشام، ڈاکٹر عقیل عباس جعفری، معروف ناول نگار ناہید عسکری، پروفیسر نوشابہ صدیقی، حمیرا اطہر و دیگر نے شرکت کی۔

قومی خبریں سے مزید