کراچی کے ضلع کیماڑی کے علاقے مواچھ گوٹھ میں گزشتہ چند روز میں زہریلی گیس سے متاثرہ 18 بچوں کی اموات کا انکشاف ہوا ہے۔ واقعے کے بعد چار کمپنیوں کو سیل کرکے ایک مالک اور دیگر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کیماڑی کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی ٹیم نے جائے وقوعہ پر جا کر تحقیقات کی، ٹیم نے زیریلی گیس سے اموات کی تصدیق کردی۔
ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ پلاسٹک بنانے والی 4 فیکٹریاں سیل کردی گئی ہیں جبکہ ایک مالک اور 4 مزدوروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق انتقال کرنے والے بچے سینے میں تکلیف، بخار اور گلے میں تکلیف کا شکار رہے۔
انتظامیہ نے یہ بھی بتایا کہ علاقہ پولیس کو متعدد بار شکایت کی گئی پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
ایس ایس پی ضلع کیماڑی کو مقدمہ درج کرنے کےلیے درخواست دے دی گئی ہے۔
انتظامیہ ضلع کیماڑی کے مطابق رہائشی علاقوں میں فیکٹریاں بنانے پر مکمل پابندی ہے۔