پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) جنوبی پنجاب کے صدر اور سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے مہنگائی پر نئی منطق پیش کردی۔
ایک تقریب سے خطاب میں مخدوم احمد محمود نے مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کے بجائے نمک چھڑک دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم دبئی سے سستا تیل بیچ رہے ہیں، میرے بس میں ہو تو پیٹرول 500 روپے لٹر کردوں۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ اس فیصلے کے بعد بھی سڑکوں پر گاڑیوں کا رش کم نہ ہو تو مزید 100 روپے کا اضافہ کردوں۔
ان کا کہنا تھا کہ 300 یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کو چھوڑ کر باقی سب کے لیے فی یونٹ 100 روپے کردوں۔
مخدوم احمد محمود نے یہ بھی کہا کہ بجلی کا یونٹ 100 روپے کا ہو تو کوئی بھی ہیوی لائٹس نہیں جلائے گا۔
روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والی پارٹی کے رہنما نے گیس بحران پر بھی حل پیش کردیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک بچانے اور گیس بحران سے نکلنے کےلیے گیس کی قیمت 10 گنا بڑھادی جائے۔
سابق گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ لیڈر عوام کی بات کو سن کر سیاست کرتے رہے تو ملک نہیں بچے گا۔