لاہور( این این آئی)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کو پارٹی کا مرکزی صدرمقررکردیا ۔ اس ضمن میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ پرویزالٰہی نے کہا کہعمران خان کا راستہ روکنا حکومت کے بس کی بات نہیں‘ آج شب برات ہے، اللہ تعالیٰ اس میں آئندہ سال کیلئے خصوصی فیصلے فرماتا ہے، اس رات میں جو دعا کی جائے قبول ہوتی ہے، ایسی گھڑی میں فواد چوہدری یہ بابرکت فیصلہ لے کر آئے ہیں میں عمران خان کے ساتھ ساتھ ان کا بھی شکرگزار ہوں۔ عمران خان کی خصوصی ہدایت پر پرویزالٰہی سے فواد چوہدری نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور نوٹیفکیشن کی کاپی ان کو پیش کی ۔ پرویزالٰہی نے عمران خان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے جو اعتماد کیا اس کیلئے شکرگزار ہوں۔