ملک کی سپریم کورٹ سمیت دیگر عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کی صورتحال سنگین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ بعض مقدمات ایسے بھی ہیں جن کے نمٹنے کا انتظار کرتے کرتے سائل دنیا ہی سے رخصت ہو چکے ہیں اور اب اُن کی نسلیں یہ کیسز بھگت رہی ہیں۔بلکہ حال ہی میں ایک واقعہ میں ایک سائل طویل عرصہ بعد اپنے حق میں فیصلہ آنے پر ہارٹ اٹیک سے چل بسا۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں تاخیر سے ملنے والے انصاف کو انصاف تصور نہیں کیا جاتا۔ انصاف کی فراہمی میں اِس تاخیر کا سبب ہمارے ہاں غیرسنجیدہ اور غیرضروری مقدمات کی بھرمار بھی ہے جس کی وجہ سے عدالتی بوجھ میں اضافہ ہوتا ہے اور نہ صرف فیصلوں میں تاخیر ہوتی ہے بلکہ اہم مقدمات کی سماعت میں بھی دیر ہو جاتی ہے۔ ایسے غیرضروری اور غیرسنجیدہ مقدمات میں درخواست گزار کے خلاف کارروائی کرنے سے بھی غیرضروری مقدمہ بازی کی حوصلہ شکنی ہو سکتی ہے۔ ہمارا نظامِ انصاف فوری اصلاحات کا متقاضی ہے، اس ضرورت کا اظہار تو سب ہی کرتے ہیں لیکن مؤثر اقدامات کم ہی عمل میں آتے ہیں۔ حکومت اگر نظامِ عدل میں بہتری لانا چاہے تو ملک بھر میں ضرورت کے مطابق ایڈشنل اور ایڈہاک ججز تعینات کرکے کیسز کے بیک لاگ کو ختم کیا جا سکتا ہے جس سے انصاف کی فراہمی کا نظام مزید بہتر ہو گا۔(محمد اکمل)