اسلام آباد (ایجنسیاں)الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کا حکم تسلیم کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کا نظرثانی شدہ شیڈول جاری کردیا جو اب آٹھ اکتوبر کے بجائے 14 مئی کو کرائے جائیں گے۔بدھ کو جاری نوٹیفکیشن میں الیکشن کمیشن نے کہا کہ وہ اپنے 22 مارچ کے نوٹیفکیشن کو واپس لے رہا ہے اور 8 مارچ کے نوٹیفکیشن کو جزوی طور پر تبدیل کر رہا ہے۔ نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق ریٹرننگ افسرکی جانب سے کاغذات نامزدگی مستردیا منظور کرنے کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کی آخری تاریخ 10 اپریل ہوگی، اپیلٹ ٹریبونل اپیلوں پر فیصلے 17اپریل تک کرے گا، امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 18اپریل کو جاری ہوگی، کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 19اپریل ہوگی، امیدواروں کو انتخابی نشانات 20اپریل کو جاری ہوں گے جبکہ پنجاب میں انتخابات کے لیے پولنگ14مئی کو ہوگی۔