پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے کرکٹ کے سفر کے آغاز کی دلچسپ کہانی ان کے بڑے بھائی نے بیان کردی۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر ریاض آفریدی نے اپنے چھوٹے بھائی شاہین شاہ آفریدی کے بچپن اور کرکٹ میں دلچسپی کے واقعات بیان کیے۔
ریاض آفریدی نے کہا کہ شاہین کو میں نے ایک چیز یہ کہی تھی کہ تم نے کبھی میرا نام استعمال نہیں کرنا کہ میں ریاض آفریدی کا بھائی ہوں، تم میں ٹیلنٹ ہوگا تو تم خود سامنے آؤ گے۔
انہوں نے کہا کہ شاہین کو بچپن سے ہی کرکٹ کا جنون اور عشق تھا، جب بھی میں ٹور سے آتا تھا تو وہ میرے پیڈز اور بلے سے کھیلتا رہتا تھا، یہاں تک کہ وہ پیڈز پہن کر سو بھی جاتا تھا۔
ریاض آفریدی نے کہا کہ پاکستان ٹیم ہارتی تھی تو شاہین آفریدی دو دو دن کھانا نہیں کھاتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ایک دن فاٹا انڈر 16 کے ٹرائلز آئے تو میں دبئی میں تھا، شاہین نے فون کر کے مجھ سے پوچھا کہ کیا میں ٹرائل دوں تو میں نے اسے اجازت دی۔
ریاض آفریدی نے بتایا کہ شاہین سب سے چھوٹا تھا اور ٹرائلز کے لیے وہ پشاور نہیں جاسکتا تھا تو میں نے دوسرے بھائی سے کہا کہ آپ شاہین کو پشاور لے جاؤ۔
انہوں نے کہا کہ شاہین کو میں نے یہی بولا کہ بیٹا ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کھیل لیے، مجھے چاہیے کہ آپ ٹیسٹ کرکٹ کھیلو، ایک ریکارڈ آجائے اور میرے گھر میں 2 ٹیسٹ پلیئر ہوں۔