• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تجدیدِ تعلقات کیلئے تہوار سے بہتر موقع کوئی نہیں

ڈاکٹر عزیزہ انجم، کراچی

رمضان المبارک کے سخت نظام الاوقات، روزوں اور عبادات کے پورے مہینے کے بعد عید، اللہ رب العزت کی طرف سے اپنے بندوں کے لیے ایک انعام ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا ’’تمہارے لیے دو تہوار ہیں، عید الفطر اور عید الاضحی ۔‘‘ تہوار ہر قوم کے لیے خوشی منانے کا موقع ہوتے ہیں۔ انسانی فطرت زندگی کی کٹھنائیوں کے بعد سکون کے کچھ پل، مِل بیٹھنے، ہنسنے بولنے کی چند گھڑیاں مانگتی ہے۔ اچھا لباس، کھانا پینا روز مرّہ کے معمولات سے ہٹ کر انجوائے کرنا بڑا ہی ضروری ہے۔ 

عید کے موقعے پر ہمیں اچھے سے اچھا یا کم ازکم اپنی حیثیت کے مطابق بہتر لباس پہننے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس روز ہر مسلمان مردکے لیے خوش بُو لگانا، مسجد میں عید کا دوگانہ ادا کرنا اور عید الفطر کی نماز سے پہلے کوئی میٹھی چیز کھانا سنّت ہے۔ گھر کے بڑوں کو چاہیے کہ نماز کے لیے بچّوں کو اپنے ساتھ عید گاہ لے جائیں۔ اپنے محلّے اور علاقے کے لوگوں سے معانقہ و مصافحہ کریں۔ اور یاد رکھیں کہ اس ضمن میں جاننے والے اور اَن جان کی کوئی تفریق نہیں ہوتی کہ سب مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں۔

نیز، تمام گلے شکوے بُھلا کر سارے روٹھے ہوؤں کوبھی منائیں۔ سب ٹوٹے، بکھرے رشتوں کی تجدید کریں۔ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ بھرپور وقت گزاریں۔ اپنی استطاعت کے مطابق اچھا کھائیں۔ اِردگرد، آس پڑوس میں بھی کچھ میٹھا یا نمکین بھیجیں۔ بچّوں کو باہر کی رونقوں سے بھی لُطف اندوز کروائیں تاکہ انہیں معلوم ہو سکے کہ مسلمانوں کے بس دو ہی حقیقی تہوار ہیں، جنہیں ملّی جوش و جذبےاور خوشیوں کے ساتھ منانا چاہیے۔ نیز، اس طوران کے بچپن کی یادوں میں خوش گوار عیدیں بھی شامل ہوجائیں گی۔

کچھ عرصہ پہلے تک عیدیں روایتی طور طریقوں ہی سے منائی جاتی تھیں۔الگ گھروں میں رہنے کے باوجود سارا خاندان ایک جگہ جمع ہوتا،گھر کے سارے مرد اکٹھے نماز پڑھنے جاتے، خواتین نک سک سے تیار، خوش لباسی کا پیکر بنی ان کا استقبال کرتیں، پھر گھر کے بڑے، بچّوں کو عیدی دیتے، دوپہر کے کھانے پر بڑا سا دسترخوان بچھتا، گھر کے دَرودیوار خوشیوں، ہنسی قہقہوں سے گونجتے، عید کی رنگینیوں سے دمکتے اور یوں تہوار کی خوشیاں دوبالا ہو جاتیں۔ پھر زمانہ بدلا، سب کی زندگیاں، عیدیں گھر کی چار دیواری یا دوستوں کے ساتھ گزرنے لگیں۔

جس چاند رات پر گھروں میں رونقیں ہوتی تھیں، اب غیر ضروری تیاریوں کے نام پر وہ رونقیں بازاروں میں تلاش کی جانے لگیں۔ کسی زمانے میں جن عیدوں کو بہانہ بنا کر بڑی سے بڑی دشمنیاں، گلے شکوے ختم کر دیئے جاتے تھے، اب معمولی معمولی باتوں کو بنیاد بناکر عید جیسے موقعے پر بھی سگے رشتے دارایک دوسرے سے ملنے کا تردّد نہیں کرتے۔ زندگی کی تلخیاں، مشکلات، بیوی، بچّے اپنی جگہ، لیکن یاد رکھیں کہ خوشیاں رشتوں، اپنوں کے بغیر ہمیشہ ادھوری ہی رہتی ہیں۔

یہی تو مواقع ہوتے ہیں، جب دل بڑا کرنا چاہیے، ساری پرانی باتیں، گِلے شکوے بھول کر اپنوں کو گلے لگا لینا چاہیے۔ مانا کہ منہگائی بہت ہے، اخراجات بھی بہت بڑھ گئے ہیں، لیکن یہ بھی تو حقیقت ہے کہ اتحاد و اتفاق میں برکت ہے، تو ذرا دل بڑا کریں اور منہگائی کی آڑ میں اپنوں کی دعوتیں منسوخ نہ کریں۔ عزیزوں، رشتے داروں کے ساتھ مل کر عید کا کوئی چھوٹا موٹا سا ایونٹ ضرور پلان کریں۔ کوئی وَن ڈِش پارٹی ہی رکھ لیں، جہاں سب کچھ نہ کچھ بناکر لائیں اور سب مل بانٹ کر کھا لیں۔

قصّہ مختصر، ہماری تو یہی نصیحت ہے کہ پُرانی باتوں کو بُھلا کر تجدیدِ تعلقات کے لیے تہوار کو غنیمت جانیں کہ گلے ملنے سے گِلے مٹتے ہیں اور پھر کون جانے اگلی عید کون ساتھ ہو، نہ ہو۔

سنڈے میگزین سے مزید