• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے 8 رکنی وفد کی پاکستان آمد

کراچی( افضل ندیم ڈوگر) سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (گاکا) کا وفد منگل کو پاکستان پہنچ گیا۔ ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق گاکا کے 8 رکنی ایوی ایشن سیکیورٹی وفد نے منگل کو ہیڈ کوارٹرز میں ڈائریکٹر سیکیورٹی پاکستان سول ایوی ایشن سے ملاقات کی۔ بات چیت کے دوران فریقین نے برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو نئی سطح پر لے جانے کے مکمل عزم کا اعادہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل سی اے اے نے اپنے ۔پیغام میں سعودی وفد کو خوش آمدید کہا اور ان کا خیرمقدم کیا۔ ڈی جی سول ایوی ایشن نے اس دوران ہدایت جاری کی کہ مختلف ہوائی اڈوں کے دوروں کے دوران سعودی مہمانوں سے مکمل تعاون کیا جائے۔ ڈی جی سول ایوی ایشن نے برادر ملک کے وفد کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ سربراہ سعودی وفد نے پرتپاک استقبال پر پاکستان سول ایوی ایشن کا شکریہ ادا کیا۔ سربراہ سعودی ایوی ایشن سیکیورٹی وفد کا کہنا تھا یہ دورہ دونوں سول ایوی ایشنز کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ گاگا اور سی اے اے کے وفود کی ملاقات کے اختتام پر دونوں اطرف سے تحائف کا تبادلہ بھی ہوا۔
اہم خبریں سے مزید