• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز الہٰی کو پیش نہ کرنے پر اعلیٰ افسران کی تنخواہیں روکنے کا حکم

لاہور کی اسپیشل کورٹ سینٹرل نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر پرویز الہٰی کو پیش نہ کرنے پر افسران کی تنخواہیں روکنے کا حکم دے دیا۔

جج بخت فخر بہزاد نے ایف آئی اے کے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی اور چوہدری پرویز الہٰی کو پیش نہ کرنے پر تحریری حکم جاری کیا۔

عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں پرویز الہٰی کو پیش نہ کرنے پر ہوم سیکریٹری، انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس پنجاب اور آئی جی جیل خانہ جات کی تنخواہیں روکنے کا حکم دیا۔

تحریری حکم نامے میں عدالت نے تینوں افسران کو 50، 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کا بھی حکم دیا اور انہیں 5 اگست کےلیے اظہار وجوہ کا نوٹس بھی جاری کردیا۔

عدالتی حکم نامے میں کہا گیا کہ جوڈیشل کسٹڈی والے ملزم کو عدالت کی مرضی کے بغیر منتقل کرنے کی ہمت کیسے ہوئی؟ اگر آج ایک شخص کی آزادی پولیس کے ہاتھ میں ہے تو کل یہ آزادی کسی اور کے ہاتھ بھی جاسکتی ہے۔

تحریری حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ موجودہ صورتحال سنگینی ظاہر کرتی ہے، جس میں ایک قیدی کو تینوں افسران نے مغوی بنایا ہے۔

عدالتی حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا کہ میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ ریاست کیسے ایک شخص کو عدالت میں پیش کیے بغیر مسلسل قید میں رکھنے پر غافل ہے۔

عدالتی حکم نامے میں کہا گیا کہ یہ بدقسمت صورتحال ذمے داروں کے خلاف سخت کارروائی کا تقاضا کرتی ہے، لیکن ابھی تک اس پکار نے کسی کو نہیں جگایا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ یہ ریاست کی بےحسی ہے جو ایک قیدی کو اس کے آئینی حقوق سے محروم کرنے پر بھی اپنی جگہ سے نہیں ہلتی۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے مکمل چالان بھی طلب کرلیا۔

قومی خبریں سے مزید