بالی ووڈ کے معروف اداکار نواز الدین صدیقی کے بچوں کی دیکھ بھال کرنے پر ان کی اہلیہ عالیہ صدیقی کو فخر ہے۔
عالیہ صدیقی نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنے شوہر، اداکار نواز الدین صدیقی کی جانب سے ملنے والی مدد کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے پراجیکٹ کی شوٹنگ کی وجہ سے ایک ماہ سے اپنے بچوں سے نہیں ملی اور بچے اس وقت حیدر آباد میں نواز کے پاس ہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ نواز اپنے پراجیکٹ کی شوٹنگ کے سلسلے میں حیدر آباد میں موجود ہیں اور بچے ان کے ساتھ بہت خوش ہیں۔
اُنہوں نے نواز الدین صدیقی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ان کی طرف سے سب سے بڑی مدد یہی ہے کہ وہ بچوں کے بہت قریب ہیں اور ان کی دیکھ بھال کر رہے ہیں، ان کے ساتھ کافی وقت گزارتے ہیں۔
عالیہ صدیقی نے کہا کہ مجھے نواز پر فخر ہے کہ وہ اپنے بچوں کی ساری ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں اور میرے لیے اس سے بڑی کوئی مدد نہیں ہوسکتی۔