جنوبی بھارتی شہر بینگلور میں ایک شخص نے مبینہ طور پر دھوکادہی اور شک کی بنیاد پر اپنی پارٹنر کو ہی قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پریشر ککر مار کر اپنی پارٹنر کو قتل کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
مقامی پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ واقعہ ہفتے کے روز شام پانچ بجے پیش آیا جب دونوں کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو شک تھا کہ اس کی پارٹنر اسے دھوکا دے رہی ہے جبکہ اس کا کسی اور سے بھی تعلق ہے۔
ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والی دیوا اور ملزم ویشنو بینگلور میں گزشتہ دو سال سے رہائش پذیر تھے۔ دونوں ایک دوسرے کو کالج کے زمانے سے جانتے تھے اور دونوں ہی ایک سیلز اینڈ مارکیٹنگ فرم میں کام کر رہے تھے۔
معاملہ اس وقت منظر عام پر آیا جب آنجہانی دیوا کی بہن نے اس سے رابطہ کرنے کی کوشش کی، رابطہ نہ ہونے پر بہن نے دیوا کی پڑوسن سے رابطہ کیا جہاں سے اسے اپنی بہن کی موت کی خبر ملی۔
پولیس کے مطابق وشنو اس واقعے کے بعد فرار ہوگیا تھا، تاہم پولیس نے اس کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کرلیا۔
پڑوسی نے پولیس کو بتایا کہ دونوں کے درمیان اکثر لڑائی جھگڑا رہتا تھا۔