پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ اداکار و پروڈیوسر فہد مصطفیٰ نے خود کو غریبوں کا ہیرو قرار دیتے ہوئے بتایا ہے کہ میرا فون نمبر بہت جلدی عام ہو جاتا ہے اور مداحوں کے بے تکلف میسیجز بھی آتے ہیں۔
حال ہی میں اداکار نے نجی چینل کے ٹاک شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے دورانِ گفتگو اداکاری نہ کرنے سمیت دیگر کئی سوالات کے جوابات دیے۔
پروگرام کے دوران انہوں نے ایک سوال کا دلچسپ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ شوق کا مول نہیں، مہنگی سے مہنگی گاڑی لے لو فلموں میں بائیک پر ہی دکھایا جاتا ہے، اللّٰہ نے اسی طرح انصاف کیا ہے، میں غریبوں کا ہیرو ہوں۔
پروگرام میں موجود حاظرین میں سے ایک نے سوشل میڈیا پر موصول ہونے والے پیغامات کے بارے میں پوچھا تو اداکار نے جواب دیا کہ سوشل میڈیا پر زیادہ متحرک نہیں ہوں اور پُرستاروں کو اس کا علم ہے اس لیے وہ مجھے فون پر میسج کرتے ہیں۔
فہد مصطفیٰ نے مزید کہا کہ میرا نمبر بہت جلدی عام ہو جاتا ہے اور ایسے لوگ جنہیں جانتا بھی نہیں، وہ بھی بے تکلفی سے گفتگو کرتے ہیں۔
فلمی کیریئر کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کویڈ 19 کے بعد ملکی غیر یقینی صورتِ حال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے محتاط ہو گئے تھے لیکن اب بہت جلد میری ایک فلم ریلیز ہو گی۔
ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سُپر اسٹارز کے ساتھ کام کرنا آسان ہے، بلا شبہ نئے آنے والے اداکار ٹیلنٹڈ ہیں لیکن ان کے ساتھ کام کرنا ذرا مشکل ہے۔
فہد مصطفیٰ نے میزبان کے ایک اور سوال کا مزاحیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمایوں سعید کی فلم کو بار بار جبکہ حمزہ علی عباسی کی فلم کو ایک بار دیکھنا چاہوں گا لیکن اگر عمران اشرف کی فلم ریلیز ہو گی تو سنیما سے باہر چلا جاؤں گا۔