امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی کی ترقی اور خوشحالی ملک کی خوش حالی کی ضمانت ہے۔ بدقسمتی سے یہ شہر مسائل میں گھرا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ شہری مسائل کا حل بلدیاتی نظام میں ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ابھی تک بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات منتقل نہیں ہوئے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے اختیارات منتخب بلدیاتی نمائندوں کے حوالے نہیں کیے۔ یہ صورتحال نگراں دور حکومت میں بھی برقرار ہے۔
انہوں نے کہا کہ نگراں وزیر اعلیٰ مقبول باقر سے زیادہ آئین و قانون کون جانتا ہے۔ نگراں وزیراعلیٰ سے مطالبہ ہے کہ منتخب بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات منتقل کریں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اب تک یو سی اور ٹاؤن ناظمین کو اختیارات نہیں سونپے گئے۔ ماضی کی حکومتوں نے آئین پر کبھی عمل نہیں کیا۔
سراج الحق نے کہا کہ مسائل کی سب سے بڑی وجہ کرپشن اور نااہل حکمران ہیں۔