• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچّے گھر کی رونق ، آنکھوں کی ٹھنڈک ہوتے ہیں۔ گھر میں ہوتے ہیں، تو چہل پہل ایک ہنگامہ برپا کیے رکھتے ہیں۔ بہن بھائیوں سے ہلکی پُھلکی نوک جھونک، معصوم شرارتیں، ایک دوسرے کی چیزیں چُھپا دینا اور دو بہن بھائیوں کا مل کر کسی ایک کو ستانا، والدین کی بات کبھی ماننا، کبھی نظر انداز کر دینا بچّوں کے سرشت، مزاج و اطور میں شامل ہوتا ہے۔ اور سچ کہیں، تو اسی شور شرابے، ہنگامے ہی میں گھر کی ساری رونق پنہاں ہوتی ہے۔

گھر سے باہر اسکول اور مدارس میں بھی نو عُمر بچّوں کی یہی سنجیدہ اور غیر سنجیدہ سرگرمیاں جاری رہتی ہیں۔ کبھی سنجیدگی سے پڑھائی، تو کبھی فارغ وقت میں دوستوں کے ساتھ خُوب ہنسی مذاق اور چہلیں۔ بچّوں کو اپنے دوست عموماً بہت عزیز ہوتے ہیں بلکہ پرانے زمانے کی دوستیاں تو اس قدر گہری ہوتی تھیں کہ اوائل عُمری ہی سے بچّے اپنے دوستوں کے ہر اچھے، بُرے وقت میں اُن کا ساتھ دینے کے لیے تیار رہتے، ایک دوسرے کی کم زوریوں پر پردہ ڈالتے اور مشکل وقت، خصوصاً پڑھائی میں ایک دوسرے کی ہر ممکن مدد بھی کرتے تھے،لیکن وقت گزرنے کے ساتھ یہ باتیں، بچّوں کے یہ اوصاف بھی قصۂ پارینہ بنتے جارہے ہیں۔

عمومی طور پربچّوں کے رویّوں، ان کے اندازِ گفتگو میں ایک جارحانہ پَن نظر آنے لگا ہے۔ پہلے زمانے کے بچّے انتہائی تمیزو تہذیب اور نرم لہجے میں گفتگو کرتے تھے، اس کے برعکس اب چیخ چیخ کر بات کرنا عام ہوگیا ہے، حالاں کہ بہن بھائیوں کی لڑائی، نوک جھونک تو زمانے سے چلی آرہی ہے، لیکن نہ جانے کیوں، آج کی نسل ذرا ذرا سی بات پر بہن، بھائیوں سےاس بُری طرح لڑتی جھگڑتی ہے کہ یوں محسوس ہوتا ہے، جیسے سگت بہن بھائی نہیں، ایک دوسرے کے دشمن ہیں۔ پھر اسی طرح بڑوں کا ادب و احترام، ان کا لحاظ، گھر کے کاموں میں ہاتھ بٹانےوغیرہ کا رواج بھی شاید ختم ہی ہو چُکا ہے۔

تعلیمی اداروں کا حال تو اس سے بھی کچھ ابتر ہے۔اسکول، کالجز ہوں، کو چنگ سینٹرز یا مدارس، بچّوں میں محبت و یگانگت کے جذبات کے بجائے مقابلے بازی، تشدّد اور جارحانہ رجحان زیادہ دیکھنے کو ملتا ہے۔ لڑکے ہوں یا لڑکیاں گروپ بنا کر دوسرے بچّوں کو باقاعدہ تنگ کرتے ہیں اور موقع ملنے پر زدوکوب سے بھی گریز نہیں کرتے۔ اس پر ستم یہ ہے کہ اپنی ہر جائز، ناجائز بات منوانے کے لیے والدین پربےجا دباؤ بھی ڈالتے ہیں اور ضد پوری نہ ہونے کی صُورت میں انتہائی قدم اُٹھانے کی دھمکیاں تک دے ڈالتے ہیں۔

ویسے تو تعلیمی اداروں میں پہلے بھی bullying ہوتی تھی، لیکن اب تو یہ خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے بلکہ لمحۂ فکریہ بن چُکی ہے۔ اس کی ایک حالیہ مثال، امتحان میں نقل نہ کروانے پر ساتھی طالبِ علم کو قتل کر دینے کاایک انتہائی دل خراش، روح فرسا واقعہ ہے۔ اس طرح کے واقعات کے تناظر میں والدین اور معاشرے کے دیگر کرتا دھرتاؤں کو بھی سوچنا چاہیے کہ آخر یہ نسل اس قدر جارحانہ مزاج کی حامل کیوں ہوتی جا رہی ہے؟ اس کی زبان، رویّے اور مزاج اتنا سخت اور متشددانہ کیوں ہوگئے ہیں اور ان سب خرابیوں کا اصل ذمّے دار کون ہے ۔ نیز، یہ مسائل کیسے حل کیے جاسکتے ہیں۔ 

وگرنہ، آج جن حالات کا سامنا چند بچّوں کے والدین کر رہے ہیں، کل کو وہی حالات ہر ایک کے ساتھ پیش آسکتے ہیں۔ اس ضمن میں ہمارا خیال ہے کہ والدین کو اپنےاندازِ تربیت اور بچّوں سے اپنے تعلق او ررویّوں کا جائزہ لینا چاہیے۔ عموماً مائیں بچّوں کی غلطیاں چُھپاتی ہیں اور بجائے انہیں روکنے ٹوکنے اور درست کرنے کے ان کی بےجا حمایت کر کے انہیں مزید خراب کردیتی ہیں۔ اس کے برعکس باپ عموماً بےجا سختی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ زیادہ ڈانٹ ڈپٹ کرنے، دوسروں کے سامنے اپنے بچّوں کی تضحیک کرنے اور بلا وجہ تنقید کا نشانہ بنانے جیسے افعال سے بچّوں کی ذہنی صحت متاثر ہوتی ہے، وہ خود پر بہت دباؤ محسوس کرتے ہیں اور پھر یہی کیفیت جارحانہ رویوں کا سبب بنتی ہے۔

اسی طرح گھر میں آپس میں بہن بھائیوں کا بھی کسی کم زوری، خامی کا مسلسل مذاق اُڑانے یا کسی کو بہت زیادہ تنگ کرنے کا بروقت نوٹس نہ لینے سے بھی کئی خرابیاں پیدا ہوتی ہیں۔ اب جہاں تک تعلیمی اداروں کا تعلق ہے، تو اس حوالے سے بھی بہت سے اقدامات کرنے اور بغور جائزہ لینے کی اشد ضرورت ہے کہ بچّوں کی شخصیت سازی، ان کے مستقبل کی تعمیر میں تعلیمی اداروں، خصوصاً امتحانوں کے طریقۂ کار اور اساتذہ کے رویّوں کا انتہائی اہم کردار ہے۔ بہت سے بچّوں کے لیے امتحانات سخت ذہنی اذیت اور تناؤ کی وجہ بن جاتے ہیں۔

عمومی طور پر تعلیم کو زیادہ وقت نہ دینااور عین امتحانات سےچند روز پہلے کتابیں کھول کر بیٹھنا بچّوں کے لیے مصیبت بن جاتا ہے۔ اسی طرح خود اساتذہ کا امتحانات میں نقل کی روک تھام کے بجائے اپنی ذمّداریوں سے نظریں چُرانا بھی خرابی کی ایک بڑی وجہ ہے۔

یاد رکھیں، کسی بھی معاشرے کے لیےجارحانہ اور پُرتشدّد رویّے ’’سُرخ نشان‘‘ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ بچّے، مستقبل کے معمار ہیں، انہیں ہی آگے جاکر مُلک کی باگ ڈور سنبھالنی، مختلف ذمّے داریاں ادا کرنی ہیں۔ دوسروں سے طاقت کے ذریعے اپنی بات منوانا اور کم زور پر تشدّد ایک سنگین مسئلہ ہے، جسے حل کرنے کے لیے والدین ، اساتذہ اور دانش وَروں سب کو مل کر سوچنا اور بروقت کچھ نہ کچھ کرنا ہوگا، وگرنہ دوسرے معاشروں کی طرح ہمارے بچّے بھی انتہائی بگڑے ہوئے، بدتمیز اور بدلحاظ ہوجائیں گے، جس سے صرف اُن ہی کا نہیں، مُلک و قوم کا بھی شدید نقصان ہوگا۔

سنڈے میگزین سے مزید