عبد الحمید ایم اے، بورے والا
غذائیت اور طبّی فوائد سے بھرپور ہونے کی وجہ سے جڑ نما سبزی، ادرک کا استعمال ہانڈی تیار کرنے کے مسالے سے لے کر ادویہ تک کے طور پر کیا جاتا ہے۔ نیز، ادرک کی چائے پیٹ درد، سینے کی جلن اور سانس کے امراض سمیت دیگر بیماریوں سے نجات کا بھی مجرّب ہے۔ ادرک میں پایا جانے والا وٹامن سی، میگنیشیم اور منرلز انسانی جسم کے لیے انتہائی مفید ہیں۔ ذیل میں ادرک کے چند طبّی فوائد پیشِ خدمت ہیں۔
جوڑوں کے درد کے لیے :
زہریلے اور فاسد مادّوں کی موجودگی سے جسم میں سُوجن پیدا ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ ایسے میں اگر آپ ادرک کی چائے کا استعمال کریں، تو اس سے نہ صرف جسم سے زہریلے و فاسد مواد کا خاتمہ ہو تا ہے بلکہ جوڑوں کے درد سے بھی تحفّظ ملتا ہے ۔ نیز، پٹّھے بھی مضبوط ہوتے ہیں۔
مخصوص ایّام میں باعثِ تسکین:
مخصوص ایّام کے دوران خواتین کو کچھ مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تو اگر وہ روزانہ ایک کپ ادرک والی چائے میں شہد ملا کر پئیں، تو اس سے اُنہیں کافی سکون ملے گا، جب کہ ادرک کے گرم قہوے میں کپڑا بھگو کر پیٹ کے نچلے حصّے پر لگانے سے درد سے بھی نجات حاصل ہو جائے گی۔
دورانِ خون میں بہتری:
ادرک کے استعمال سے خُون صاف رہتا ہے اور جسم میں ٹیومرز نہیں بنتے، نتیجتاً دل کے امراض سے تحفّظ حاصل ہوتا ہے۔
ذہنی دباؤ سے نجات:
ادرک کی چائے سے جسم کو آسودگی ملتی ہے اور کسی بھی قسم کا ذہنی تنائو ختم ہو جاتا ہے۔
سانس کی تکلیف سے بچاؤ کے لیے:
اگر آپ سردی کی وجہ سے سانس لینے میں مشکل محسوس کر رہے ہیں، تو ایک کپ ادرک کی چائے روزانہ استعمال کریں اور سانس کی تکلیف سے چھٹکارا پائیں۔
معدے کی بہتری کے لیے:
ادرک میں موجود کیلشیم معدے کے لیے انتہائی مفید ہے۔ اگر آپ کو معدے میں جلن یا کھانے کے بعد اس میں تکلیف ہو، تو ادرک والی چائے پئیں اور تکلیف سے نجات پائیں۔
قوّتِ مدافعت میں بہتری:
ادرک میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس کے باعث قوّتِ مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں مختلف بیماریوں سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔
قے سے نجات:
اگر آپ کو سفر کے دوران تھکاوٹ اور قے کی شکایت ہوتی ہو، توادرک کی چائے پی کر سفر کا آغاز کریں۔