کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گیس کی قیمت میں اضافے اور عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کراچی کے صنعت کاروں نے پیر کو تمام صنعتیں بند رکھیں ۔ کراچی میں واقع7 انڈسٹریل زونز میں پیر کو ہڑتال کی گئی ،تمام صنعتی ایسوسی ایشنز کی جانب سے ایک روزہ ہڑتال کر کے شہر کی تمام صنعتی علاقوں کی انڈسٹری میں پیداواری سرگرمیاں روک دی گئی۔، صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے اور بجلی کے اضافی استعمال کے نرخوں میں کمی کا وعدہ پورا نہ کرنے پر آج ہڑتال کی گئی ہے،گیس کی عدم فراہمی سے صنعتی پیداوار بند ہوگئی اس لیے مزدوروں کو فیکٹری آنے سے منع کیا گیا ہے،تفصیلات کے مطابق گیس کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے صنعتکاروں نے کہا کہ وہ گیس ٹیرف میں بے پناہ اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔صنعتکاروں نے کہا کہ گیس کی بندش کی وجہ سے فیکٹریوں میں ڈاؤن سائزنگ شروع ہوگئی ہے جبکہ فیکٹریز مالکان ایکسپورٹ کے نئے آرڈرز حاصل نہیں کررہے ہیں کیونکہ موجودہ گیس ٹیرف پر صنعتیں چلانا اور عالمی مارکیٹ میں مسابقت ناممکن ہوگیا ہے۔