چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے آر اوز سے متعلق نوٹیفکیشن سے الیکشن ملتوی ہونے کا خدشہ ہے۔
پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے مطابق 8 فروری کو انتخابات ہونے ہیں۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پہلے بھی انتخابات ملتوی ہونے کا بہانہ بنایا۔ ہم سپریم کورٹ گئے اور 8 فروری کو الیکشن کا فیصلہ کیا گیا۔ آج الیکشن کا شیڈول آنا تھا لیکن جاری نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ افسران کو آر او نہیں بنایا جا سکتا اس سے دھاندلی ہو سکتی ہے۔ ججوں کو ریٹرننگ افسران بنایا جائے جس سے الیکشن شفاف ہوں۔
بیرسٹر گوہر علی نے مزید کہا کہ الیکشن میں ایسے افراد کو تعینات کیا جائے جن کا ماضی شفاف ہو۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کل یا پرسوں ہم پنجاب میں کنونشنز سے متعلق شیڈول جاری کریں گے، پنجاب میں ورکرز کنونشن کو خود لیڈ کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ سائفر کیس میں ان کیمرا ٹرائل کو جلد چیلنج کریں گے۔