پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کوئی سیاسی جماعت اس وقت پیپلز پارٹی کی مخالف نہیں، سیاسی جماعتوں کے دروازے بات چیت کےلیے ہمیشہ کھلے رہتے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہماری حکومت بنے گی تو سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہمارا مقابلہ مہنگائی، غربت اور بیروزگاری سے ہے، اس وقت مہنگائی، غربت اور بیروزگاری عروج پر ہے، نوجوانوں، مزدوروں کو ریلیف دینے کےلیے پروگرام شروع کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ملکی تاریخ میں اتنا بڑا معاشی بحران نہیں آیا، ہمیں نوجوانوں کو سمجھانا پڑے گا ہم سب محب وطن پاکستانی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن ضیاء اور مشرف کی آمریت میں ہمارے ساتھ کھڑے رہے، میاں صاحب کا پہلا دور حکومت بھی کسی آمریت سے کم نہیں تھا۔