• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Web Desk
Web Desk | 30 دسمبر ، 2023

سال 2023 میں سب سے زیادہ پڑھی جانے والی دلچسپ و عجیب خبریں

چند دلچسپ و عجیب خبریں جس میں قارئین کی نمایاں دلچسپی رہی --- فائل فوٹوز
چند دلچسپ و عجیب خبریں جس میں قارئین کی نمایاں دلچسپی رہی --- فائل فوٹوز

یوں تو دلچسپ خبریں قارئین دلچسپی سے پڑھتے ہی ہیں لیکن بعض خبریں ایسی ہوتی ہیں جنہیں پڑھ کر انسان سوچنے پر مجبور ہوجاتا ہے کیا ایسا بھی ہوسکتا ہے؟

جنگ کی ہمیشہ سے کوشش ہوتی ہے کہ اپنے قارئین کو ایسے ہی سوچنے پر مجبور کردینے والے، نت نئے اور دلچسپ و عجیب واقعات سے آگاہ رکھا جائے اور 2023 میں بھی جنگ ویب ڈیسک نے یہ کوشش جاری رکھی۔

اس سے قبل کہ رواں سال 2023 کا ختم ہو، ایسی ہی چند دلچسپ و عجیب خبروں پر ایک نظر ڈالتے ہیں جو آپ نے رواں سال سب سے زیادہ دلچسپی سے پڑھی۔

ہم آپ کے لیے جنگ ویب ڈیسک کی جانب سے پیش کی گئی دلچسپ و عجیب کی کیٹیگری میں سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں بالترتیب پیش کر رہے ہیں۔

1: انڈونیشیا: شادی کے دن دولہا غائب، ہونے والے سسر نے دلہن سے شادی کرلی

جنگ کی ویب سائٹ پر سال 2023 میں دلچسپ و عجیب کی کیٹیگری میں جو خبر سب سے زیادہ شوق سے پڑھی گئی وہ ایک انڈونیشین دولہے کی خبر تھی، جو اپنی ہی شادی کے دن کہیں غائب ہوگیا جس کی وجہ سے دولہا کے والد نے دلہن سے شادی کرلی۔

انڈونیشیا کے میڈیا کے مطابق نوجوان خاتون کا لڑکے سے بہت پرانا تعلق تھا۔ دلہن کے گھر والوں نے شادی کی تیاری پر ڈھائی کروڑ انڈونیشین روپے خرچ کیے تھے اس لیے دلہا کے والد نے خاتون سے شادی کرلی۔

2: 65 سالہ میئر نے 16 سالہ لڑکی سے شادی کے بعد ساس کو اہم سرکاری عہدہ دیدیا

جنوبی امریکی ملک برازیل میں پیش آںے والا واقعہ بھی سب کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔

ہوا کچھ یوں کہ برازیلین معمر میئر نے 16 سال کی لڑکی سے شادی کے بعد اپنی ساس کو سیکریٹری ثقافت اور سیاحت کے اہم عہدے سے نواز دیا، جس پر ایک بڑا تنازع کھڑا ہوگیا۔

3 : بچی سانپ گھر میں لے آئی، سب کی دوڑیں لگ گئیں، ویڈیو وائرل

یوں تو سانپ کو دیکھ کر اکثر لوگ خوفزدہ ہوجاتے ہیں، تاہم بھارت میں ایک چھوٹی بچی بڑے سانپ کو پکڑ کر اپنے گھر میں لے آئی، تو اس کی ویڈیو سے سوشل میڈیا پر خوب دھوم مچا دی۔ یہ خبر جنگ کے قائین کے لیے دلچسپی کا سبب بنی۔

4: دنیا کی سب سے مہنگی گائے، قیمت ایک ارب 23 کروڑ روپے

رواں سال عید الضحیٰ کے موقع پر جہاں خوبصورت جانوروں نے توجہ حاصل کی وہیں ایک نیلور بریڈ کی گائے، جس کا نام ویاٹینا-19 ایف آئی وی مارا ہے، کی قیمت جان کر سب کے ہوش اُڑ گئے۔

جنوبی امریکی ملک برازیل میں موجود اس گائے کی قیمت 43 لاکھ امریکی ڈالر (ایک ارب 23 کروڑ روپے) تھی۔

5 : اماراتی طیارہ 13 گھنٹے بعد واپس وہیں پہنچ گیا جہاں سے اُڑان بھری

رواں سال کے آغاز میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ایمریٹس ایئرلائنز کا طیارہ 13 گھنٹے کی مسافت کے بعد منزل پر پہنچنے کی بجائے واپس اسی ایئرپورٹ پر پہنچ گیا جہاں سے اس سنے اڑان بھری تھی۔

ہوا کچھ یوں کہ آکلینڈ کے ایئرپورٹ کے ٹرمینل پر پانی بھر جانے کی وجہ سے حکام نے ایئرپورٹ کو پروازوں کے لیے بند کردیا تھا، جس کی اطلاع ایمریٹس ایئرلائنز کے طیارے کو اڑان بھرنے کے بعد موصول ہوئی۔

اسی وجہ سے یہ طیارہ آدھا سفر طے کرنے کو بعد واپس وہیں لوٹ گیا جہاں سے چلا تھا۔ یہ واقعے بھی سب کی توجہ حاصل کرنے میں کامیابی رہا۔