• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اماراتی طیارہ 13 گھنٹے بعد واپس وہیں پہنچ گیا جہاں سے اُڑان بھری


متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ایمریٹس ایئرلائنز کا طیارہ 13 گھنٹے کی مسافت کے بعد واپس اسی ایئرپورٹ پہنچ گیا جہاں سے اڑان بھری تھی۔

جی ہاں! آپ نے بالکل درست پڑھا ہے، دبئی سے نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ جانے والے مسافر اتنی لمبی مسافت کے بعد دوبارہ یو اے ای پہنچنے پر حیران رہ گئے۔

ہوا کچھ یوں کہ کچھ روز قبل آکلینڈ کے ایئرپورٹ کے ٹرمینل پر پانی بھر جانے کی وجہ سے حکام نے ایئرپورٹ کو پروازوں کے لیے بند کردیا تھا۔ 

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فلائٹ ای کے 448 نے دبئی سے مقامی وقت کے مطابق اڑان بھری، لیکن 9 ہزار میل کے اس سفر کا آدھا راستہ طے کرنے کے بعد طیارے نے یوٹرن لے لیا اور یہ طیارہ تقریباً آدھی رات کو واپس دبئی پہنچ گیا۔ 

دوسری جانب آکلینڈ ایئرپورٹ حکام نے ٹوئٹر پر اس صورتحال سے متعلق ایک پیغام جاری کیا اور صورتحال کو انتہائی پریشان کن قرار دیا۔ 

اپنے پیغام میں آکلینڈ ایئرپورٹ نے تحریر کیا کہ ’ایئرپورٹ بین الاقوامی ٹرمینل پر نقصان کا اندازہ لگارہا ہے اور یہ بات سامنے آئی ہے کہ آج کے دن کوئی بین الاقوامی فلائٹ آپریٹ نہیں کی جاسکتی۔‘

اس نے مزید تحریر کیا کہ ’ہم جانتے ہیں کہ یہ انتہائی پریشان کن ہے لیکن مسافروں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔‘

ایئرپورٹ حکام نے یہ بھی بتایا تھا کہ 29 جنوری کی صبح 7 بجے تک کوئی بین الاقوامی پرواز نہیں آسکتی۔

واضح رہے کہ ایک روز بعد ایئرپورٹ پر دوبارہ فلائٹ آپریشن بحال کردیا گیا تھا۔

دلچسپ و عجیب سے مزید