پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار زلفی بخاری اور اعظم سواتی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے۔
پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری نے این اے 50 اٹک جبکہ اعظم سواتی نے این اے 15 مانسہرہ سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے جوکہ مسترد ہوگئے ہیں۔
زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ میرے کاغذات نامزدگی جعلی دستخط کا اعتراض لگا کر مسترد کیے گئے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ میرے وکلاء، تجویز کنندہ اور تائید کنندہ سمیت 6 افراد کو اغوا کیا گیا۔
فیصلہ میرٹ پر ہوا ہے: نوازشریف کے وکیل
ادھر نوازشریف کے وکیل جہانگیر جدون نے مانسہرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ میرٹ پر ہوا ہے۔ الیکشن لڑنے والے امیدوار کا ملک میں ہونا ضروری ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم نے یہاں تک کہا کہ اعظم سواتی حاضر ہوجائیں اعتراضات واپس لے لیں گے۔
فیصلے کیخلاف الیکشن ٹربیونل سے رجوع کریں گے: اعظم سواتی کے وکیل
اعظم سواتی کے وکیل سہیل سواتی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر اعظم خان سواتی کے کاغذات جعلی دستخط اور اشتہاری کے اعتراض پر مسترد کیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ فیصلے کے خلاف الیکشن ٹربیونل سے رجوع کریں گے۔