پشاور(نمائندہ جنگ) پشاورہائیکورٹ نے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان کی جانب سے عدلیہ کیخلاف توہین آمیز بیان اوردھمکی آمیز انٹرویو دینے پرانہیں توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا ہے اورانہیں کل بروز جمعرات عدالت طلب کرلیا ہے ۔دوران سماعت چیف جسٹس محمد ابراہیم خان نے استفسار کیا کہ ملگری وکیلان کون ہیں ؟میں نے ریٹائرمنٹ کے بعد سیاسی پارٹی کو جوائن نہیں کرنا، ایمل ولی خود عدالت آکر وضاحت پیش کریں۔ گزشتہ روزچیف جسٹس ابراہیم خان پر مشتمل پرسنگل رکنی بنچ نے درخواست گزار فضل محمد خان کی توہین عدالت کی۔ درخواست پر سماعت کی جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ایمل ولی اے این پی کے صوبائی صدر ہیں اور انہوں نے بیان کے ذریعے عدلیہ کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی ہے لہٰذا وہ توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں ۔