پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ ایڈم ہولیوک کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم مثبت سوچ رہی ہے، ابھی تین میچز ہیں دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔
ہیملٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈم ہولیوک نے کہا کہ شاہین آفریدی نے اچھی بولنگ کی، ہدف زیادہ بھی ہوسکتا تھا، گزشتہ میچ کی نسبت شاہین آفریدی نے ویری ایشن کے ساتھ بولنگ کی۔
انکا کہنا تھا کہ یہ آسان ہدف نہیں تھا، پھر بھی ٹیم نے اچھی کوشش کی، دونوں میچوں کے پہلے پاور پلے میں ہم اچھا کھیلے۔
بیٹنگ کوچ پاکستان ٹیم نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف مشکل سیریز کے بعد یہاں بھی مشکل میچز ہوئے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام کھلاڑی ٹریننگ میں سخت محنت کر رہے ہیں، دونوں میچوں میں پچ کافی اسکورنگ تھیں۔
ایڈم ہولیوک نے مزید کہا کہ بیٹرز اور بولرز دونوں کو پرفارم کرنا چاہیے، اعظم خان پاور فل بیٹر ہیں مگر وہ اُس طرح سے پرفارم نہیں کر سکے، مجھے امید ہے اعظم خان آنے والے دنوں میں اچھا پرفارم کریں گے، اعظم خان باصلاحیت کھلاڑی ہیں، اسکواڈ میں اور بھی باصلاحیت کھلاڑی ہیں۔