بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کی فلم ٹائیگر 3 میں خطرناک سین کیسے فلمائے گئے؟ اس حوالے سے ویڈیو سوشل میڈیا پر آگئی۔
سلمان خان کی فلم ٹائیگر کے تیسرے سیزن ٹائیگر 3 میں فلمائے گئے خطرناک سین سے متعلق ویژول ایفیکٹس (وی ایف ایکس) سامنے آگئے، جس میں ان کے ساتھ شاہ رخ خان بھی ایکشن میں نظر آئے ہیں۔
ایکشن اور تھرلر سے بھرپور اس فلم میں سلمان خان کے ساتھ کترینہ کیف بھی مرکزی کردار کرتی ہوئی نظر آئیں، اس فلم میں کافی خطرناک سین دکھائے گئے ہیں، مگر ان سینز کا بھانڈا اصلی ویژول سامنے آنے کے بعد پھوٹا۔
یش راج فلم اسٹوڈیو کی جانب سے حال ہی میں شیئر کی گئی ویڈیو میں فلم کے کرافٹنگ مناظر کی پیچیدگیوں کی ایک جھلک دکھائی گئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فلم کے آغاز میں سلمان خان بائیک پر بیٹھ کر ولن کا پیچھا کیسے کرتے ہیں۔
صرف یہی نہیں فلم میں سلمان خان کو گھروں کی چھتوں کے اوپر سے بھی بائیک گزارتے ہوئے دکھایا گیا ہے، حقیقت میں یہ سارے مناظر لکڑی کے ریمپ پر فلمائے گئے، جس پر سلمان خان نے بائیک چلا کر شوٹ کیے ہیں۔
ویڈیو میں مختلف ایکشن سے بھرے سینز کو شوٹنگ کے دوران فلمائے گئے طریقے کو دکھایا گیا ہے، جس میں ہیلی کاپٹر کی ترتیب، دھماکوں کے مناظر، سلمان خان کے جمپ لگانے کے انداز کو دکھانے کے علاوہ اور بہت کچھ دکھایا گیا ہے۔
یہاں اس چیز کا ذکر کرنا بھی ضروری ہے کہ فلم میں شاہ رخ خان کے مختصر ترین کردار، جس میں وہ سلمان خان کو جیل سے باہر نکالنے کے بعد ان سے لڑتے نظر آرہے ہیں، کے سین کو فلمانے کی حقیقت بھی نظر آرہی ہے۔