• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: پیپلز پارٹی کے الیکشن آفس اور پی ٹی آئی کے رہنما پر حملے کا مقدمہ درج

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

کراچی میں پیپلز پارٹی کے الیکشن آفس اور تحریک انصاف کے رہنما ارسلان خالد پر حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے الیکشن آفس کے حملے کا مقدمہ ایم کیو ایم پاکستان کے 40 سے 50 کارکنان کے خلاف درج کیا گیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے امیدوار خواجہ سہیل منصور نے کہا کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں نے نارتھ ناظم آباد بلاک جے میں پیپلز پارٹی کے این اے 250 کے انتخابی دفتر پر حملہ کیا۔

خواجہ سہیل منصور کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم شہر کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو تحفظ فراہم کریں، جس کو انتخابات لڑنا ہے وہ پُرامن طریقے سے مقابلہ کرے۔

ارسلان خالد پر حملے کا مقدمہ تھانہ عزیزآباد میں درج

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما ارسلان خالد پر حملے کا مقدمہ تھانہ عزیزآباد میں درج کیا گیا ہے، مقدمہ رہنما پی ٹی آئی ارسلان خالد کی مدعیت میں ہی درج کیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقدمے میں بلوہ کرنے، نقصان پہنچانے اور دھمکیاں دینے کی دفعات شامل ہیں۔

مدعی ارسلان خالد نے مقدمے کے متن کہا ہے کہ رات میرے پلاٹ پر محفل میلاد میں 100 سے200 نامعلوم افراد نے ڈنڈوں سے حملہ کیا، اس حملے میں مجھے سر پر شدید چوٹ آئی۔ 

واضح رہے کہ کراچی کے حلقے این اے 250 اور پی ایس 129 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے دفتر پر حملہ کیا گیا تھا، حملے میں 4 کارکنان زخمی ہوئے تھے جبکہ پاکستان تحریکِ انصاف نے الزام لگایا تھا کہ این اے 248 کے امیدوار ارسلان خالد سمیت 10 سے زائد کارکنان ایم کیو ایم کی جانب سے کیے گئے حملے میں زخمی ہو گئے تھے۔

قومی خبریں سے مزید