پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے دسویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے مات دے کر ایونٹ میں مسلسل چوتھی فتح حاصل کرلی۔
کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 129 رنز کا ہدف دیا، جسے دفاعی چیمپئنز ٹیم نے 18ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تو کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 128رنز بنائے، میزبان شہر کی ٹیم کا ٹاپ آرڈر نہ چل سکا، ٹم سائفرٹ نے 30 اور عباس آفریدی نے 24 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کے لیے آج کا دن کچھ خاص نہیں رہا۔ آخری چند اوورز کو ہٹادیا جائے تو تقریباً پوری اننگز میں ان کے حق میں کچھ نہیں جا سکا، غیر یقینی باؤنس اور گیند کی سست روی نے بیٹرز کو پریشان کیے رکھا اور شاٹس کی ٹائمنگ ایک بڑا چیلنج بن گئی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے بولرز شاداب خان، نسیم شاہ اور جیسن ہولڈر نے 2۔2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے بولرز نے شاندار حکمتِ عملی اپناتے ہوئے کراچی کی بیٹنگ لائن پر دباؤ بنائے رکھا۔ ابتدا میں حاصل کی گئی اہم وکٹوں نے کنگز کو پیچھے دھکیل دیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے زبردست بیٹنگ کرتے ہوئے 129 رنز کا ہدف 18 ویں اوور کی پہلی گیند پر 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، صاحبزادہ فرحان نے 30 اعظم خان نے 31 اور کپتان شاداب خان نے 47 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
کراچی کنگز کے حسن علی نے 2 عباس آفریدی اور محمد نبی نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔