پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے آج پھر نام لیے بغیر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو نشانے پر لے لیا۔
بورے والا میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب آکر نواز شریف پر تنقید کرنے والے جہاں بھی جاتے ہیں ان کے دائیں بائیں ن لیگ کے منصوبے ہوتے ہیں، وہ جہاں سے آئے ہیں وہاں اسکولوں میں مویشی بندھے ہوتے ہیں۔
مریم نواز نے کل پارٹی منشور لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ باقی جماعتیں جنوبی پنجاب کے نام پر سیاست کر رہی ہیں، لوگ جنوبی پنجاب کے نام پر عوام کو بیوقوف بنا کر چلے گئے، جنوبی پنجاب کی خدمت صحیح معنوں میں صرف نواز شریف نے کی ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ ہم ہر ضلع میں دانش اسکول بنائیں گے، روٹی، چینی، آٹا، دالوں کی قیمتیں کم کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور یہ ہی ہمارا منشور ہے۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ عثمان بزدار کو کوئی نہیں جانتا تھا تو وہ لوگوں کو کہتے تھے کہ وہ پنجاب کے شہباز شریف لگے ہوئے ہیں۔