• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج کے ترقی یافتہ دَور میں برقی مواصلات کی انتہائی آسان رسائی کے باوجود، روایتی خط و کتابت کی اہمیت وا فادیت بھی اپنی جگہ برقرار ہے۔ ڈاک کے نظام کی مزید بہتری اور کارکردگی اُجاگر کرنے کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر سال ’’ڈاک کا عالمی یوم‘‘ منایا جاتا ہے، تو سال بھر مختلف مواقع پر خصوصی ڈاک ٹکٹس کا اجراء بھی ہوتا ہے۔

پاکستان کا پہلا ڈاک ٹکٹ9جولائی 1948ء کو جاری کیا گیا، جس کے بعد سے اب تک مختلف نام وَر شخصیات سے موسوم ڈاک ٹکٹس کے اجراء کے ساتھ ساتھ دیگراہم مواقع پر یادگاری ڈاک ٹکٹس بھی جاری کیے جاتے ہیں۔ اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے گزشتہ برس 2023ء میں محکمۂ ڈاک نے17 مختلف مواقع پر ڈاک ٹکٹس اور2یادگاری شیٹس جاری کیں۔ ذیل میں گزشتہ برس مختلف مواقع اور مختلف شخصیات کے حوالے سے جاری کیے جانے والے ڈاک ٹکٹس کی تفصیلات پیشِ خدمت ہیں۔

وفاقی محتسب کے محکمے کے قیام کے 40سال پر(24جنوری)

پاکستان میں وفاقی محتسب کا محکمۂ جنوری 1963ء میں قائم کیا گیا۔ یہ ادارہ اُس وقت سے اپنی ذمّے داریاں بہ حُسن و خوبی ادا کررہا ہے۔ پھر 1984-85ء میں وفاقی محتسب کے علاقائی دفاتر کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں قائم کیے گئے اور 1990ء میں اُس وقت کے صدر، غلام اسحاق خان نے خصوصی حکم جاری کیا کہ صوبائی حکومتیں وفاقی محتسب کے ادارے کی اعلیٰ کارکردگی کے باعث اس سے مکمل تعاون کریں۔ 2000ء میں وفاقی محتسب کے چار نئے دفاتر سکھر، ملتان، فیصل آباد اور ڈی آئی خان میں قائم کیے گئے۔وفاقی محتسب کے محکمے کی40سالہ اعلیٰ کارکردگی کی مناسبت سے محکمۂ ڈاک نے23جنوری کو20 روپے مالیت کا ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔ اس ٹکٹ کا سائز60x30.5 ایم ایم ہے اور اس کا نمونہ مغیز خان نے تیار کیا۔ مجموعی طور پر کُل دو لاکھ ٹکٹ جاری کیے گئے۔

خواتین کے عالمی دن کے موقعے پر (8مارچ)

1991ء میں عالمی سطح پر خواتین پرتشدّد کے حوالے سے ایک مہم چلائی گئی، جس میں خواتین پر گھریلو تشدّد کے علاوہ ملازمت کے دوران ہراساں کیے جانے کے واقعات کا جائزہ لے کر8مارچ کو ’’خواتین کا عالمی دن‘‘ قرار دیا گیا۔خواتین کے اسی عالمی دن کے موقعے پر محکمۂ ڈاک نے 20روپے مالیت کا ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔ ٹکٹ کا موضوع ’’عورت کے خلاف تشدّد کا خاتمہ:آج اور ابھی‘‘ منتخب کیا گیا ۔ اوردولاکھ کی تعداد میں جاری کیے جانے والے اس ٹکٹ کا سائز50.5x35ایم ایم ہے۔

پاکستان سینیٹ کی50ویں سال گرہ پر (15مارچ)

پاکستان سینیٹ کے قیام کے پچاس کام یاب سال مکمل ہونے پر محکمۂ ڈاک نے 20 روپے مالیت کا ڈاک ٹکٹ اور90روپے مالیت کی ایک یادگاری شیٹ جاری کی۔ 

ٹکٹ کا سائز35x36ایم ایم ،جب کہ یادگاری شیٹ کا سائز168x70ایم ایم ہے۔ ڈاک ٹکٹ دولاکھ، جب کہ یادگاری شیٹ25ہزار کی تعداد میں جاری کی گئی۔

پاکستان کے آئین کی 50ویں سال گرہ پر(16 اپریل )

16 اپریل 2023ء کو پاکستان کے آئین کی پچاسویں سال گرہ کے موقعے پر محکمۂ ڈاک نے50روپے مالیت کا ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔ ٹکٹ کا عنوان ’’آئین۔حقوق کا ضامن‘‘ رکھا گیا۔ پاکستان کے آئین کی منظوری 1973ء میں، اُس وقت کی حکومت نے شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی سربراہی میں دی تھی۔اس یادگاری ٹکٹ کا سائز81x40ایم ایم ہے اور اس پر آئین کی منظوری دینے والی وفاقی کابینہ کے اراکین کا گروپ فوٹو ہے۔ ساتھ ہی ’’آئین، حقوق کا ضامن‘‘ کے الفاظ بھی تحریر ہیں۔ اس موقعے پر کُل5لاکھ ٹکٹ طبع کیے گئے۔

نیشنل انجینئرنگ سروسز، پاکستان کے پچاس سال مکمل ہونے پر(10مئی)

نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ (نیسپاک NESPAK) کے پچاس سال مکمل ہونے پر محکمۂ ڈاک نے20روپے مالیت کا ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔ 

ٹکٹ کا سائز 56x35ایم ایم ہے اورایک شیٹ میں15ٹکٹس ہیں، جب کہ کُل2 لاکھ ٹکٹس جاری کیے گئے۔

پنجاب میڈیکل کالج، فیصل آباد کے پچاس سال مکمل ہونے پر (16مئی)

پنجاب میڈیکل کالج، فیصل آباد 1973ء میں قائم ہوا۔ اس کے پہلے پرنسپل، سیکریٹری ہیلتھ پنجاب، ڈاکٹر ایم۔ ایچ طوسی کو مقرر کیا گیا۔ 

ابتدا میں مذکورہ کالج ایگری کلچر یونی ورسٹی کی عمارت میں عارضی طور پر قائم کیا گیا۔ بعدازاں، 1982ء میں 158 ایکڑ اراضی مخصوص کرکے موجودہ کالج کی عمارت تعمیر کی گئی۔ 

کالج کے قیام کے پچاس سال مکمل ہونے پر پاکستان کے محکمۂ ڈاک نے50روپے مالیت کا ڈاک ٹکٹ پرنٹ کیا اور 50x50ایم ایم سائز کے کُل ڈھائی لاکھ ٹکٹ جاری کیے گئے۔

سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی (CDC) کے قیام کے 25 سال مکمل ہونے پر (23مئی) 

سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی (CDC) کے25برس مکمل ہونے پر محکمۂ ڈاک نے 20روپے مالیت کا ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔ 

ٹکٹ کا سائز 60x30.5ایم ایم ہے۔اس کا نمونہ مغیزخان نے تیار کیا ہے اور ایک شیٹ میں 18ٹکٹس پر مشتمل کُل ایک لاکھ ٹکٹ طبع کیے گئے۔

ساتویں مردم شماری/ پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کی مناسبت سے (25مئی)

ملک کی ساتویں مردم شماری، پہلی بار جدید ٹیکنالوجی کے تحت ڈیجیٹل طور پر کی گئی۔ 

اس موقعے پر محکمۂ ڈاک نے 25 مئی 2023ء کو50 روپے مالیت کا ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔اس ٹکٹ کا سائز 61.5x24 ایم ایم اور ایک شیٹ میں24ٹکٹ پر مشتمل کُلدو لاکھ ٹکٹس ہیں۔

چین، پاکستان اقتصادی راہ داری (CPEC) کے 10ویں سال گرہ پر(5 جولائی)

چین اور پاکستان کی اقتصادی راہ داری (CPEC) کے10سال مکمل ہونے پر محکمۂ ڈاک نے20روپے مالیت کا ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔ ٹکٹ پر ستارے کی شکل میں پاکستان اور چین کے جھنڈے طبع ہیں ،جب کہ وسط میں ’’سی پیک کے10سال‘‘ انگریزی میں تحریر ہے۔ ٹکٹ کا سائز 50x30.5ایم ایم ہے اور ایک شیٹ میں18ٹکٹس پر مشتمل کُلدو لاکھ ٹکٹ طبع کیے گئے۔

پہلا نشانِ حیدر پانے والے، کیپٹن، راجا محمد سرور شہید کی شہادت کے 75 سال مکمل ہونے پر (27جولائی):

کیپٹن راجا محمد سرور شہید 27 جولائی 1948ء کو بھارت کے حملے میں جامِ شہادت نوش کیا اور پاکستان کی تاریخ میں پہلا نشانِ حیدر حاصل کیا۔ 

راجا محمد سرور شہید کی شہادت کے75سال مکمل ہونے پرمحکمۂ ڈاک نے 75روپے مالیت کا ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔ٹکٹ کا سائز35x50.5ایم ایم ہے اور ایک شیٹ میں 18ٹکٹ پر مشتمل کُل دو لاکھ ٹکٹ طبع کیے گئے۔

راول پنڈی میڈیکل کالج اور یونی ورسٹی کی 50ویں سال گرہ پر(6 ستمبر)

راول پنڈی میڈیکل کالج 1973ء میں فیصل آباد میں قائم کیا گیا۔ بعدازاں 5نومبر1974ء کو ٹیپو روڈ، راول پنڈی کی ایک عمارت میں منتقل کردیا گیا۔ شہر کے تین بڑے اسپتال اس کالج کے ساتھ منسلک ہیں۔ کالج کے پچاس سال مکمل ہونے پر 6ستمبر 2023ء کو محکمۂ ڈاک نے20روپے مالیت کا ڈاک کا ٹکٹ جاری کیا۔ ٹکٹ کا سائز 56x35ایم ایم ہےاور ایک شیٹ میں15ٹکٹس پر مشتمل کُلدو لاکھ ٹکٹ جاری کیے گئے۔

قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی 75ویں برسی پر(11 ستمبر)

بانئ پاکستان25دسمبرکوکراچی میں پیدا ہوئے۔ اُن کا پیشہ وکالت تھا، لیکن انہوں نے ایک کام یاب سیاست دان کی حیثیت سے انتہائی محنت، لگن اور جدوجہد سے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد مملکت، پاکستان کا خواب پایۂ تکمیل تک پہنچایا۔

قائد کے انتقال کے75سال مکمل ہونے پر محکمۂ ڈاک نے75روپے کے ڈاک ٹکٹ کے علاوہ 100روپے مالیت کی ایک خصوصی یادگاری شیٹ بھی جاری کی۔ ٹکٹ کا سائز60x30.5ایم ایم ہے۔ ایک شیٹ میں18ٹکٹ پر مشتمل کُلدو لاکھ ٹکٹ طبع کیے گئے۔ جب کہ یادگاری شیٹ کا سائز133.5x89ایم ایم ہے، جو بیس ہزارکی تعداد میں طبع کی گئی۔

پاکستان، ترکیہ سفارتی تعلقات کے 75برس مکمل ہونے پر (13ستمبر)

پاکستان اور ترکیہ (سابقہ ترکی) کی دوستی قیامِ پاکستان سے اب تک ایک مضبوط رشتے میں جُڑی ہے۔ پاکستان میں ترکی کے پہلے سفیر، یحییٰ کمال نے سفارتی کاغذات قائداعظم محمدعلی جناح ؒ کو 4مارچ1948ء کو پیش کیے، جب کہ میاں بشیر احمد پاکستان کی طرف سے ترکیہ میں پہلے سفیر مقرر ہوئے۔ 

انھوں نے جون 1949ء میں ترکیہ کے صدر کو سفارتی دستاویز پیش کیں۔ ترکیہ، پاکستان کے سفارتی تعلقات کے75سال مکمل ہونے پرمحکمۂ ڈاک نے 20روپے مالیت کا ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔ ٹکٹ کا سائز81x40ایم ایم ہے اور ایک شیٹ میں6 ٹکٹس پر مشتمل دو لاکھ ٹکٹ طبع ہوئے۔

دوا ساز کمپنی ’’نووو نورڈسک‘‘ (NOVO NORDISK) کے ایک سو سال مکمل ہونے پر (22ستمبر)

نووونورڈسک، ڈنمارک کی ایک دواساز کمپنی ہے، جو گزشتہ ایک سو سال سے طب کی دنیا میں تحقیقات کررہی ہے۔ 

یہ کمپنی دیگر ادویہ کے علاوہ شوگر کنٹرول رکھنے کی انسولین بھی تیارکرتی ہے۔ کمپنی کے سو سال مکمل ہونے پر محکمۂ ڈاک نے20روپے مالیت کا ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔ ٹکٹ کا سائز56x35ایم ایم ہے اور ایک شیٹ میں15ٹکٹس پر مشتمل کل دو لاکھ ٹکٹ طبع کیے گئے۔ ٹکٹ کا نمونہ لیاقت علی نے تیار کیا ہے۔

ڈاک کے عالمی دن کے موقعے پر(9اکتوبر)

ہر سال9اکتوبرکو دنیا بھر میں ’’ڈاک کا عالمی دن‘‘ منایا جاتا ہے۔ اس دن کی اہمیت کو اُجاگر کرنے کے لیے محکمۂ ڈاک، راول پنڈی ریجن نے چارسو شیٹ پرمشتمل 10روپے مالیت کا ٹکٹ اضافی طباعت کرکے محدود تعداد میں جاری کیا، جو قبلِ ازیں صرف راول پنڈی میں دست یاب تھا۔ 

واضح رہے کہ شائقین ٹکٹ کی بڑی تعداد نے اس پر اعتراض کیا کہ اس حوالے سے کوئی لیف لیٹ جاری کیا گیا، نہ ہی اسے محکمے کی ویب سائٹ پرلگایا گیا۔

پاکستان اور نیدرلینڈز کے سفارتی تعلقات کے 75برس مکمل ہونے پر (22 نومبر)

پاکستان اور نیدر لینڈز کے سفارتی تعلقات کی ابتدا28فروری 1948ء کو ہوئی۔ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، معاشی، تجارتی، تعلیمی اور ثقافتی شعبوں میں باہمی تعاون کی تاریخ بڑی خوش گوار ہے۔ 

’’پاکستان،نیدر لینڈز دوستی کے 75سال‘‘ مکمل ہونے پر محکمۂ ڈاک نے 20روپے مالیت کا ڈاک ٹکٹ جاری کیا، جس کا سائز60x30.5ایم ایم ہے۔ اس موقعے پر ایک شیٹ میں21ٹکٹس پر مشتمل کُلدو لاکھ ٹکٹ جاری کیے گئے۔

قائدِاعظم ؒ کے147 ویں یومِ ولادت کے موقعے پر (25 دسمبر)

25 دسمبر 2023ء کو قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے147ویں یومِ ولادت کے موقعے پر محکمۂ ڈاک نے پہلے سے جاری کردہ 12روپے والے ٹکٹ پر اضافی طباعت کر کے یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔ 

ٹکٹ کی مالیت 50روپے ہے۔اس موقعے پر تین لاکھ ٹکٹس پر اضافی طباعت کی گئی، لیکن اس حوالے سے محکمہ ڈاک نے کوئی لیف لیٹ یا فسٹ ڈے کو ور جاری نہیں کیا۔

ڈاک ٹکٹ پر مبنی رسالے کا اجراء

پاکستان میں ڈاک ٹکٹس کے حوالے سے آگہی و معلومات پر مشتمل ایک رسالہ ’’پاکستان فلیٹلک اینڈ نیو مسمیٹک میگزین (Pakistan philately & Numismatic Magazine) کے نام سے شائع کیا جاتا ہے، جو واٹس ایپ نمبر 6538153- 0333 پر بھی دست یاب ہے۔