جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) ف سندھ کے صدر مولانا راشد محمود سومرو نے حلف والے دن کراچی میں 10 لاکھ افراد جمع کرنے کا اعلان کردیا۔
نوشہرو فیروز میں انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف جی ڈی اے کے احتجاجی جلسے سے خطاب میں راشد سومرو نے کہا کہ ہم چوروں کو بھگا کر ملک کو بچانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 10 لاکھ افراد کراچی میں جمع کرکے انہیں حلف نہیں اٹھانے دیں گے، حکومت نہیں چلنے دیں گے، تکلیف اور درد کا وقت ختم ہونے والا ہے۔
راشد سومرو نے مزید کہا کہ عوام کی مدد سے سندھ کو دوبارہ باب الاسلام بنائیں گے، تحریک تب تک چلے گی جب تک اپنا مینڈیٹ چھین نہیں لیں گے۔
جے یو آئی سندھ کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ اپنے ٹھٹھہ کے جلسہ کے 3 ہزار عوام اور یہاں لاکھوں کی عوام دیکھو، ابھی تو پیر سائیں کے حر اسمبلی میں آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول کہتے ہیں الیکشن کمیشن والے غیرت کرو، ان کو بلاؤ، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا، انگوٹھا چیک کروائیں تو پتہ چل جائے کو کون ہارا ہے کون جیتا ہے۔
راشد محمود سومرو نے کہا کہ ہمارا مقابلہ آپ کی کرپشن سے ہے، کل بھی مقابلہ کیا تھا آج بھی کریں گے۔
انہوں نے کہ ن لیگ، پی ٹی آئی کوان کی سیٹیں دی گئیں، پھر کہتے ہیں دھاندلی کہاں ہوئی، بلاول کہتے ہیں، ہم نے الیکشن کمیشن میں درخواست کیوں نہیں دی، ہم نے آر او کو درخواستیں دی ہیں، ریسیونگ موجود ہیں۔