کراچی میں گاڑی چوری کے بعد واپسی کے لیے ملزمان کی جانب سے تاوان کا مطالبہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
گاڑی چوری کی واردات نیو کراچی میں ہوئی، 3 فروری کو گھر کے باہر کھڑی گاڑی ملزمان نے چوری کی۔
متاثرہ شہری کے مطابق کارچوری کی پولیس کو اطلاع دی لیکن اس نے کوئی کارروائی نہیں کی، پولیس نے کہا کہ الیکشن کے بعد مقدمہ درج ہو گا، گاڑی چوری کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے۔
مذکورہ متاثرہ شہری نے بتایا ہے کہ 2 روز قبل کال آئی اور گاڑی کا نمبر بتایا گیا، جبکہ گاڑی کی واپسی کے لیے 5 لاکھ روپے تاوان طلب کیا گیا۔
متاثرہ شہری نے بتایا کہ 50 ہزار روپے ٹوکن کے طور پر آن لائن ادا کیے ہیں، کالر نے چمن میں گاڑی کی موجودگی کی اطلاع دی ہے، کالر نے گاڑی کی مختلف تصاویر بھی بھیجی ہیں۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کا اندراج روز نامچے میں کیا گیا ہے، مقدمہ درج کر کے تفتیش اے وی ایل سی کو بھیجی جائے گی۔