کراچی میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے بعد جمع ہونے والا پانی شہر کی اکثر سڑکوں سے نکال دیا گیا ۔
ڈیفنس کی مختلف سڑکوں پر پانی تاحال جمع ہے، جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری طرف پنجاب چورنگی کے انڈر پاس میں بھی پانی بھر گیا ہے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
ترجمان کےالیکٹرک کا کہنا ہے کہ نشیبی علاقوں میں حفاظتی تدابیر کے طور پر بجلی کی فراہمی بند کی۔
بارش کے باعث شہر کی مصروف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کی حد تک تیز بارشوں کا اسپیل ختم ہوگیا ہے، ہلکی اور معتدل بارش صبح تک جاری رہ سکتی ہے۔
جمعہ کی صبح سیاہ بادلوں نے گرج چمک کے ساتھ کراچی کا محاصرہ کیا تو لگا، بارش موسلادھار ہوگی، مگر ایسا ہوا نہیں۔
سرجانی ٹاؤن، لانڈھی، ملیر، ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا، ڈیفنس اور کلفٹن سمیت مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں ذرا تیز بارش وقفے وقفے سے جاری رہی۔
بلدیاتی ادارے مختلف مقامات پر فعال نظر آئے، کے ڈی اے چورنگی، نارتھ ناظم اور ٹاور سمیت بعض جگہ پانی کھڑا ہوا، جسے کچھ دیر بعد صاف کردیا گیا۔
بارش کے باعث شہر کی مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی، سب سے زیادہ 14 ملی میٹر بارش پی اے ایف فیصل بیس پر ریکارڈ کی گئی۔
لیاری، اولڈ سٹی ایریا، کورنگی، لانڈھی، سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، لیاقت آباد اور گارڈن سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی بند ہوگئی۔
ترجمان کےالیکٹرک کے مطابق نشیبی علاقوں میں حفاظتی اقدامات کے تحت بجلی بند کی گئی جبکہ تکنیکی خرابی سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام جاری ہے۔
ترجمان میئر کراچی کے مطابق متعلقہ عملہ بحالی کے کاموں میں مسلسل مصروف ہے جبکہ پاک فوج نے بھی پانی کی نکاسی میں حصہ لیا۔