• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ ہائیکورٹ کا بنارس چورنگی پارک سے تجاوزات ختم کرنے کا حکم

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے بنارس چورنگی پر پارک اصل حالت میں بحال نہ کرنے سے متعلق درخواست پر کے ایم سی کو پارک کی جگہ سے تجاوزات کے خاتمے کا حکم دے دیا۔ ہائیکورٹ میں بنارس چورنگی پر پارک اصل حالت میں بحال نہ کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر کے ڈی اے کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔ رپورٹ میں عدالتی حکم پر سیکٹر فائیو بی رفاہی پلاٹ کی انسپکشن کرلی ہے۔ پارک کی زمین پر 10 نئی دوکانیں تعمیر کردی گئی ہیں۔ ان دوکانوں کی لیز سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر اورنگی ٹاؤن نے 2014 میں جاری کی تھیں۔ تمام کھیل کے میدان ،پارکس اور سڑکیں کے ایم سی کے پاس ہیں، سڑکوں سے تجاوزات کا خاتمہ کے ایم سی کا کام ہے۔ عدالت نے کے ایم سی کو پارک کی جگہ سے تجاوزات کے خاتمے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے تجاوزات کا خاتمہ کرکے 2 اپریل تک رپورٹ طلب کرلی۔ پارک کی زمین پر قبضے کے خلاف علاقہ مکینوں نے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔ دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ جعلی دستاویزات کی آڑ میں کھیل کے میدان پر دوکانیں تعمیر کردی گئی ہیں۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید