لاہور(آصف محمود بٹ ) پاکستان بیت المال کے ایم ڈی طارق محمود الحسن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ۔ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے 15فروری کو کابینہ کی منظوری کے بعد طارق محمود الحسن کی بطور ایم ڈی پاکستان بیت المال تقرری کے احکامات جاری کئے تھے۔ نگراں کابینہ نے تقرری کے لئے طارق محمود الحسن کو سیکورٹی کلئیرنس اور الیکشن کمیشن کی منظوری سے استثنیٰ بھی دیا تھا۔وفاقی وزارت برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سیکرٹری یوسف خان کی طرف سے طارق محمود الحسن کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے لئے سمری وزیر اعظم کو بھجوا دی گئی ہے۔ سمری میں کہا گیا ہے کہ طارق محمود الحسن کو پاکستان بیت المال ایکٹ کے سیکشن 9(1) کے تحت وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد اعزازی طور پر دو سال کے لئے ایم ڈی پاکستان بیت المال مقرر کیا گیا تھا۔ ان کواس عہدے سے ڈی نوٹیفائی کرنے کے لئے کابینہ کی منظوری لی جائے۔