• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روس کی دلچسپی ماسکو میں حملہ کرنیوالوں کے گاہک میں ہے، ولادیمیر پیوٹن

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ وہ جانتے ہیں ماسکو میں حملہ مسلم انتہاپسندوں نے کیا مگر روس کی دلچسپی حملہ آوروں کے گاہک میں ہے، انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر حملے کے بعد دہشتگرد یوکرین ہی فرار ہونا کیوں چاہتے تھے اور وہاں کون ان کا منتظر تھا؟

روسی صدر کراکس ہال پر حملے کے بعد کے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس کے موقع پر گفتگو کررہے تھے۔

ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ مسلم انتہاپسندوں کے نظریات کا تو اسلامی دنیا صدیوں سے مقابلہ کررہی ہے مگر جس بات میں روس کو دلچسپی ہے وہ یہ کہ ایسے انتہاپسندوں کا گاہک ہے کون؟

روسی صدر کا کہنا تھا کہ اب امریکا مختلف ذرائع سے قائل کرنے کی کوشش کررہا ہے کہ اس جرم میں یوکرین ملوث نہیں اور یہ کہ داعش اس جرم میں ملوث ہے۔ 

ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ لازم ہے کہ کئی سوالات کے جواب حاصل کیے جائیں جس میں یہ بھی شامل ہے کہ کیا واقعی مسلم انتہاپسندوں نے فیصلہ کیا تھا کہ وہ روس پر حملہ کریں جبکہ روس مشرق وسطی کے تنازع میں منصفانہ حل کیلئے کھڑا ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ 22 مارچ کو روس کے دارالحکومت پر کیا گیا خوف ناک حملہ ایک دھمکی ہے اور فوری سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اس کا فائدہ کسے ہوا؟۔

روس کے صدر نے کہا کہ یہ ظلم اس سلسلے کی کڑی ہے جو 2014ء سے نیونازی یوکرینی ہاتھوں کے ذریعے روس سے لڑرہے ہیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ماسکو حملے کا مقصد روسی معاشرے میں افراتفری پھیلانا تھا مگر روسی قوم نے اس برائی کا مقابلہ اتحاد سے کیا۔ 

صدر پیوٹن نے مزید کہا کہ مجرموں کو سزا دینے کی خواہش اپنی جگہ مگر واقعہ کی تحقیقات بغیر تعصب کے اور معروضی انداز سے کی جائے گی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید