پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے کہا ہے کہ ن لیگ ہمارا ووٹ مفت میں چاہتی ہے۔
ایک بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ ن لیگ اگر یہ سمجھتی ہے کہ ہم غیر قانونی کاموں پر مہر لگادیں تو وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔
پی پی ترجمان نے کہا کہ قانون میں لکھا ہے کہ ارسا چیئرمین کی تعیناتی صوبوں سے مشاورت ہوگی، قانون نہ بھی ہو تو تب بھی اتحادیوں سے مشاورت کرنی چاہئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ن لیگی رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے کہا تھا کہ لگتا ہے کہ پیپلزپارٹی کا رویہ یہی رہے گا، جو ارسا کے چیئرمین پر انہوں نے اپنایا۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ پیپلز پارٹی کی طرف سے ہر بات پر تنقید بھی ہوگی اور وہ ہر بات پر اپنا موقف بھی منوائے گی۔
ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا تھا کہ پی پی کی ہر بات پر اچھا بننے کی کوشش ہوگی اور کوشش یہ ہوگی کہ اچھائی ہمیں ملے اور برائی دوسرے اتحادی کو مل جائے۔