ایرانی سائبر اسپیس سینٹر کے ترجمان حسین دلیریان نے کہا ہے کہ اصفہان کی فضا میں 3 ڈرون تباہ کردیے گئے۔
حسین دلیریان نے کہا ہے کہ میزائل حملے کی ابھی کوئی اطلاع نہیں۔
دوسری جانب امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی میزائل ایران کے شہر اصفہان کے فوجی اڈے پر لگا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اصفہان یا ملک کے دیگر حصوں میں کوئی فضائی حملہ نہیں ہوا۔ اسرائیل نے کواڈ کاپٹر اڑانے کی ناکام کوشش کی جسے مارا گرایا۔
واضح رہے کہ امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ایئرپورٹ پر اسرائیل کے میزائل اور ڈرون حملے کے بعد ایران نے ایئر ڈیفنس سسٹم فعال کردیا ہے۔
دوسری جانب ایرانی ٹی وی نے اصفہان شہر کی تازہ ترین صورتحال لائیو دکھا دی۔
ایرانی ٹی وی پر بتایا گیا کہ اصفہان شہر میں حالات اور سیکیورٹی مکمل طور پر پُرسکون ہے اور لوگ اپنی معمول کی زندگی گزار رہے ہیں۔
ایرانی ٹی وی پر بتایا اور دکھایا گیا کہ ایک دو گھنٹے پہلے فضا میں آوازیں سنائی دی تھیں جو کہ کئی چھوٹے ڈرونز کی تھیں جنہیں گولی مار دی گئی۔
ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق اصفہان شہر میں جوہری سمیت تمام اہم تنصیبات محفوظ ہیں، کوئی غیرملکی طیارہ ایرانی فضائی حدود میں نہیں آیا۔