• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بی کمپنی میں شامل افسران اور اہلکاروں کی تعداد 153 ہوگئی

کراچی(ثاقب صغیر / اسٹاف رپورٹر ) شکارپور سے کراچی رینج میں تبادلہ کیے جانے والے 79 اہلکاروں کو بی کمپنی بھیجنے کے احکامات کے بعد بی کمپنی میں شامل افسران اور اہلکاروں کی تعداد 153 ہو گئی ہے۔مختلف جرائم میں ملوث شکار پور سے کراچی تعینات کیے جانے والے اہلکاروں کے خلاف آئی جی سندھ نے شوکاز نوٹس جاری کیے ہیں۔آئی جی سندھ غلام نبی میمن کے احکامات کے مطابق ان اہلکاروں کو کراچی میں کوئی پوسٹنگ نہیں دی جائے اور انھیں بی کمپنی منتقل کیا جائے گا۔ ہفتے کو رات گئے ان اہلکاروں کے بی کمپنی میں ٹرانسفر کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ اس وقت بی کمپنی میں ان 79 اہلکاروں کو ملا کر سندھ بھر سے 153؍ افسران اور اہلکار شامل ہیں جن میں سے کراچی کے 33؍ اور اندرون سندھ کے 121؍ افسران اور اہلکار شامل ہیں جن میں سے اندرون سندھ کے 12 افسران اور اہلکاروں نے بی کمپنی میں رپورٹ نہیں کی ہے۔بی کمپنی میں شامل تمام افسران اور اہلکار معطل ہوتے ہیں اور گارڈن ہیڈ کواٹر سائوتھ کراچی میں ان کی روزانہ تین وقت صبح 9بجے، دوپہر 1بجے اور شام 6 بجے رول کار ہوتی ہے اور صبح 9 بجے ان اہلکاروں کی پی ٹی پریڈ بھی کروائی جاتی ہے۔ گارڈن ہیڈ کوارٹر حکام کے مطابق تاحال شکار پور سے آنے والے اہلکاروں کو بی کمپنی بھیجنے کا باقاعدہ تحریری حکم نامہ نہیں ملا ہے،حکام کے مطابق ہفتہ کی شام آئی جی سندھ نے احکامات دئیے ہیں پیر تک اس حوالے سے تحریری احکامات موصول ہو جائیں گے۔بی کمپنی میں شامل افسران اور اہلکاروں کے خلاف مختلف جرائم میں ملوث ہونے،جرائم کی سہولت کاری کرنے سمیت مس کنڈیکٹ کی شکایت ہیں۔

اہم خبریں سے مزید