پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو تھری ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ 12 مئی سے شروع ہوگا۔ ایونٹ میں 23 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ گریڈ ٹو کرکٹ میں ’’پیراشوٹ‘‘ اینٹری کےلیے ڈپارٹمنٹس میں شامل کرکٹرز کا کم از کم ڈسٹرکٹ لیول کی کرکٹ کا کھیلا ہونا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
ملک میں ڈپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کے بعد گریڈ ٹو لیول پر بھی ڈپارٹمنٹ ٹیموں کے درمیان مقابلے اگلے ماہ شروع ہوجائیں گے۔
تین روزہ گریڈ ٹو کرکٹ ٹورنامنٹ میں 23 ٹیمیں حصہ لیں گی جنہیں چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
ان ڈپارٹمنٹل ٹیموں میں کسی کی بھی پیراشوٹ انٹری کو روکنے کےلیے پی سی بی نے سلیکٹ ہونے والے کھلاڑیوں کا کم از کم ڈسٹرکٹ لیول پر کرکٹ کھیلنا لازمی قرار دیا ہے۔
ٹیموں کو پاکستان انڈر 19 کھیلنے والے پلیئرز بھی شامل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 11 جون تک جاری رہنے والے اس ایونٹ میں ایسلن کی گیند استعمال ہوں گی۔
ایونٹ کےلیے تیار کردہ شیڈول کے مطابق پول اے میں کے پی ٹی، احمد گلاس، ریلویز، تارا گروپ، انکم ٹیکس اور خیابان امین کی ٹیمیں شامل ہیں۔ پول اے کے میچز لاہور کے تین مختلف گراؤنڈز میں کھیلے جائیں گے۔
پول بی میں ایئرفورس، پاک سعودی گروپ، ایم آئی ٹی، کارواں سی سی، صابر پولٹری اور غنی انسٹی ٹیوٹ شامل ہیں، پول بی کے میچز صوابی، مردان اور پشاور میں کھیلے جائیں گے۔
پول سی کی ٹیموں میں آرمی، او جی ڈی سی ایل، سی ڈی اے، سروس انڈسٹری، جی ڈی ڈبلیو اور حیدری انڈسٹری شامل ہیں اس کے میچز اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہوں گے۔
پول ڈی میں شامل نیوی، عمر ایسوسی ایٹس، ایشال ایسوسی ایٹس، سردار اسپورٹس اور اذلان ٹریڈرز کے میچز مریدکے اور شیخوپورہ میں ہوں گے۔
سیمی فائنلز تین سے پانچ جون جبکہ فائنل آٹھ سے گیارہ جون تک ہوگا۔