• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیراگلائیڈنگ کا شوقین یوٹیوبر 85 فٹ کی بلندی سے گر گیا، ویڈیو وائرل


امریکی یوٹیوبر کو پیراگلائیڈنگ کے شوق نے اسپتال کے بستر تک پہنچا دیا، جس کی ویڈیو منظر عام پر آ گئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 33سالہ یوٹیوبر انٹونی ویلا نے اپنے ہولناک حادثے کی ویڈیو یوٹیوب پر شیئر کی ہے، جس کا عنوان ’پیرا موٹر کریش، آل موسٹ اینڈ مائی لائف‘ ہے۔

مذکورہ ویڈیو میں یوٹیوبر کو اسپتال کے بستر پر لیٹے حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے دیکھا اور سُنا جا سکتا ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ 85 فٹ کی بلندی سے اس وقت گرے جب وہ پیرا گلائیڈنگ کے لیے ایک نئی مشین ٹیسٹ کر رہے تھے، کہ اسی اثناء میں انہوں نے پیرا موٹر کا کنٹرول کھو دیا اور زمین سے جا ٹکرائے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی یو ٹیوبر 92 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے اڑتے ہوئے ٹیکساس کے صحرا میں پیرا گلائیڈنگ کر رہے تھے کہ انہیں حادثہ پیش آیا، تاہم وہ معجزانہ طور پر جان سے ہاتھ دھونے سے محفوظ رہے۔

اس حادثے کے نتیجے میں یوٹیوبر کی گردن، کمر کی ہڈی اور دائیں بازو میں فریکچر ہوا ہے اور متعدد زخم بھی آئے ہیں۔

یوٹیوبر نے اس تجربے کو ریکارڈ کرنے کی خاطر پیراگلائیڈنگ سے قبل پیرا شوٹ پر کمیرے نصب کیے تھے، کیمرے کی آنکھ نےحادثے کو محفوظ کر لیا۔

مذکورہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حادثے کی صورت میں یوٹیوبر انٹونی ویلا نے ایپل ڈیوائسز کی مدد سے 911 پر کال کر کے ریسکیو سے طبی امداد طلب کی اور کہا کہ براہِ کرم میری مدد کریں، میری فلائنگ مشین خراب ہو گئی ہے۔

بعد ازاں ریسکیو اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے یوٹیوبر کو اسپتال پہنچا دیا جہاں اسے طبی امداد دی گئی۔

خیال رہے کہ انتھونی ویلا ایک امریکی فوجی ہیں جنہوں نے افغانستان میں بھی اپنے فرائض انجام دیے ہیں، تاہم اب وہ یوٹیوب سے فضائی شعبے کو پروموٹ کر رہے ہیں۔