• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران: مچھلیوں کی بارش، شہری حیرت زدہ رہ گئے، ویڈیو وائرل

--- اسکرین گریب
--- اسکرین گریب

ایران کے شہر یاسوج میں آسمان سے برسنے والی مچھلیوں کی بارش نے شہریوں کو حیرت میں مبتلا کر دیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس کے صارف کی جانب سے شیئر کی گئی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایران کے شہر یاسوج میں آسمان سے مچھلیوں کی بارش ہو رہی ہے۔ اسی دوران سڑک پر چند گاڑیاں رکی ہوئی ہیں جو کچھ ہی دیر کے بعد چلنا شروع ہوجاتی ہیں، غالباً یہ کسی سگنل پر رکی ہوئی ہیں جو سگنل کھلنے پر چلنا شروع ہوجاتی ہیں۔

ویڈیو ریکارڈ کرنے والا مچھلیوں کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کرتا ہے اور زمین سے ایک مچھلی اُٹھا کر بھی دیکھاتا ہے۔

تاہم اس وائرل ویڈیو کی حقیقت کے حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے لیکن اس ویڈیو کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ اس کا ایڈئٹڈ ہونا یا پھر اس میں مصنوعی ذۃانت کے استعمال کے امکانات کم نظر آرہے ہیں۔

خٰال رہے کہ ایران انٹرنیشنل نے ملک کے 21 علاقوں میں شدید بارشوں کی اطلاع دی ہے جبکہ ایرانی محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی وارننگ بھی جاری کی ہے۔

کیا مچھلیوں کی بارش ممکن ہے؟

یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کیا ایسا ممکن ہے کہ آسمان سے مچھلیوں کی بارش ہو، تو اس کا جواب ہے کہ ’ہاں‘ ایسا ممکن ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل جیوگرافک کا کہنا ہے کہ موسم کی خراب صورتحال کے دوران ایسا ممکن ہے کہ آسمان سے صرف مچھلیوں کی ہی نہیں بلکہ مینڈکوں، پرندوں سمیت ایسے جانوروں کی بارش ممکن ہے جو تیز ہوا کے ساتھ باآسانی اُڑ سکیں۔

سائنسدانوں نے مچھلیوں کی بارش کو طوفان سے منسوب کیا ہے جو کسی سمندری سطح کے اوپر سے ہوتا ہوا کسی زمینی علاقے کا رخ کرتا ہے۔ ایسے میں طوفان سمندری مخوقات، جس میں مچھلیوں سمیت دیگر بھی شامل ہیں، کو اپنے ساتھ اُڑا کرلیجاتا ہے اور جب ہوا کا دباؤ کم ہوتا ہے تو اس مخلوقات کو زمین پر پھینک دیتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ بارش کے ساتھ سمندری مخلوقات بھی برستی ہیں اور یہ گمان ہوتا ہے جیسے آسمان سے ’سمندری مخلوقات‘ یا مچھلیوں کی بارش ہو رہی ہے۔