• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ کے ساتھ پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کرنا ہوگا، کمیونٹی رہنما، قاضی عبدالعزیز کی جانب سے عید ملن تقریب

لوٹن( شہزاد علی) برطانیہ کے ممتاز عالم دین اور جامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن کے مہتمم اعلی علامہ عبدالعزیز چشتی ایم بی ای نے لوٹن کے ایک ریستوران کے وسیع و عریض ہال میں ایک پروقار عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا ۔تقریب میں برطانیہ میں پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل عزیز احمد، لوٹن ممبر پارلیمنٹ ریچل ہوپکنز، لارڈ قربان حسین، پرنسپل لوٹن سکستھ فارم الطاف حسین، مئیر لوٹن حافظ محمد یعقوب، ڈپی مئیر زینب راجہ، بیڈفورڈشئیرز پولیس اینڈ کرائم کمشنر جان ٹزرڈ، لارڈ لیفٹیننٹ سوسان لاوزاڈا، ہیڈ رجسٹرار لوٹن رجسٹری آفس، شاہ نواز کبیر، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر لوٹن رائزنگ مارک ٹرنر، چیف ایگزیکٹیو لوٹن اینڈ ڈسٹیبل ہاسپٹل ڈیوڈ کارٹر سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کا مقصد سوسائٹی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ مل بیٹھنا اور راہ و رسم کو فروغ دینا تھا۔ ڈپٹی ہائی کمشنر سمیت مختلف شخصیات نے اپنے خطابات میں علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی ایم بی ای کی کمیونٹی کوژن کے لیے کاوشوں کو خصوصی طور پر سراہا اور ان کے کردار کو مثالی قرار دیا ۔ میزبان علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ آج کی اس تقریب میں آپ احباب نے ہماری درخواست پر شرکت کر کے ہمیں اعزاز سے نوازا جس پر وہ اور جامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن کی پوری ٹیم آپ سب احباب کی ممنون و مشکور ہے ملک و قوم کی سلامتی کی دعائیں کی اور افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئےتمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج اس تقریب سعید میں حکومت پاکستان کے نمائندے اور بیڈ فورڈ شائر کاؤنٹی میں کوئن کی نمائندہ موجود ہیں اور کئی سرکاری اور غیر سرکاری تنظیموں کی نمائندگی ہے وہ ان سب سے تشکر کا اظہار کرتے ہیں اور ساتھ ہی اس موقع پر فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام کی آزادی اور ان پر مصائب کے خاتمے کے لیے دعا گو ہیں اور اس موقع پر پاکستان کی بہادر اور جری مسلح افواج کو سلام پیش کرتے ہیں جو مملکت پاکستان کے لیے ناگزیر ہیں ۔ برطانیہ میں پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل عزیز احمد نے کہا ہے کہ برطانیہ کی پاکستانی کشمیری کمیونٹی پاکستان کے لیے ایک بڑا اثاثہ ہے اور ہم نے ہمیشہ اپنی کمیونٹی کے کردار کو سراہا ہے اور جب بھی لوٹن آئے یہ دیکھ کر مسرت ہوتی ہے کہ لوٹن کمیونٹی علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی ایم بی ای اور جامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن کے پلیٹ فارم پر متحد ہے اور اس ملٹی کلچرل سوسائٹی میں رہ کر بہت مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہم برطانیہ کے ساتھ ساتھ پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ لارڈ قربان حسین نے کہا کہ علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی ایم بی ای نے نہ صرف بطور عالم دین خدمات انجام دیں بلکہ لوٹن کو ایک ملٹی کلچرل ٹاون بنانے کے لیے بھی اپنی توانائیوں کو صرف کیا اور تمام کمیونٹیز کے لیے خدمات انجام دیں ان کی خدمات پر انہیں ایم پی ای ایوارڈ دیا گیا۔ بیڈفورڈ شائر کی کی لارڈ لیفٹیننٹ سوسان لاوزاڈا نے کہا کہ لوٹن ایک متحرک اور ثقافتی لحاظ سے بھرپور کمیونٹی ہے جو اپنے تنوع اور جامعیت پر پروان چڑھتی ہے۔ قصبے کی ٹیپسٹری بے شمار ثقافتوں، روایات اور عقائد کے ساتھ بنی ہوئی ہے، جس سے ایک ہم آہنگ ماحول پیدا ہوتا ہے جہاں مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد پرامن طور پر ایک ساتھ رہتے ہیں۔ لوٹن کے رہائشی اس تنوع کو قبول کرتے ہیں اور اس کا جشن مناتے ہیں، اسے ایک ایسی طاقت کے طور پر تسلیم کرتے ہیں جو ان کی برادری کے تانے بانے کو تقویت بخشتی ہے۔ لوٹن میں موجود ثقافتی اثرات کی کثرت کے باوجود، اس کے باشندوں میں اتحاد اور ہم آہنگی کا ایک مروجہ احساس ہے۔ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ ایک خوش آئند اور جامع کمیونٹی بنانے کے لیے اکٹھے ہوتے ہیں جہاں باہمی احترام، افہام و تفہیم اور تعاون کی قدر کی جاتی ہے۔ یہ ہم آہنگ بقائے باہمی اس کھلی ذہنیت اور قبولیت کا ثبوت ہے جو لوٹن کی تعریف کرتی ہے، اتحاد کے احساس کو فروغ دیتی ہے جو ثقافتی تقسیم سے بالاتر ہے اور اس کے باشندوں کی مشترکہ شناخت کو تقویت دیتی ہے۔آج کی تقریب کی میزبانی کے لیے علامہ چشی صاحب کا بے حد شکریہ۔ لیڈر لوٹن کونسل ہیزل سیمنز نے کہا کہ لوٹن اپنے ثقافتی تنوع پر پروان چڑھتا ہے، ایک متحرک اور متحد شہر بنانے کے لیے مختلف کمیونٹیز کو اکٹھا کرتا ہے۔ وہ اس شاندار تقریب کی میزبانی کے لیے علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی MBE کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتی ہیں جو ہماری کمیونٹی میں اتحاد اور ہم آہنگی کے جذبے کی مثال ہیں۔ ریچل ہاپکنز ایم پی (لوٹن ساؤتھ) نے کہا کہ لوٹن میں ثقافتی تنوع ہماری طاقت ہے، اور اس طرح کے واقعات ایک کمیونٹی کے طور پر اکٹھے ہونے کی طاقت کو ظاہر کرتے ہیں۔ ہماری میزبانی کرنے اور کمیونٹی کو فروغ دینے کے لیے علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی MBE کا بہت شکریہ یہ ہمارے شاندار شہر میں ہم آہنگی پیدا کر رہے ہیں۔ ٹریور روڈن ہورسٹ چیف کانسٹیبل بیڈفورڈ شائر پولیس نے کہا کہ لوٹن میں اس طرح کی متنوع کمیونٹی کے ساتھ ہاتھ ملا کر کام کرنا واقعی متاثر کن ہے۔ وہ اس تقریب کے ذریعے تعلقات اور کمیونٹی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی MBE کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ہیں _ بیڈفورڈ شائر کے ہائی شیرف بیو شاہ نے کہا کہ بطور شیرف، انہیں ثقافتی رونق اور کمیونٹی کی ہم آہنگی دیکھ کر فخر ہے جو لوٹن کی تعریف کرتا ہے۔ وہ علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی MBE کا شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اس تقریب کو منعقد کیا، جس میں لوٹن کی متنوع خوبصورتی کو اجاگر کیا گیا۔ اور ہمارے شہر میں اتحاد کو فروغ دیا جا رہا ہے _ پرنسپل لوٹن سکستھ فارم الطاف حسین نے کہا کہ انہیں ملک کے مختلف حصوں میں کام کرنے کے مواقع ملے مگر لوٹن کے طلبا کی ذہانت اور لگن کو دیکھ کر یہ خواہش پیدا ہوئی کہ کاش ان کی پیدائش اس شہر میں ہوتی۔ نظامت کا فریضہ قاضی عطالکبریا نے احسن طریقے سے انجام دیا ۔ پروگرام سے حاجی منیر، چوہدری شوکت علی، ڈاکٹر عادل علی خان، ڈاکٹر طاہر محمود، چوہدری لیاقت علی، ڈاکٹر گل زمان بٹ، راجہ سلیم، چوہدری محمد ایوب، نسیم ایوب، سمیرا سلیم، سمیرا خورشید، پروفیسر مسعود اختر ہزاروی، ڈاکٹر یاسین رحمان، حاجی چوہدری محمد قربان، پروفیسر چوہدری امتیاز، پروفیسر ممتاز بٹ، چوہدری عبدل قیوم، راجہ وحید اکبر، شبیر ملک، مہربان ملک، قاضی اسحاق، چوہدری محمد شریف، اسرار بٹ، کونسلر جویریہ، فیاض قریشی، خورشید زمان، خلیفہ محفوظ بٹ،ملک غلام محی الدین سمیت بڑی تعداد میں کمیونٹی نے شرکت کی۔

یورپ سے سے مزید