کراچی(عبدالماجد بھٹی)ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ میں دو شکستوں کے بعد پہلی کامیابی حاصل کرنے کے باوجود پاکستان کو اتوار کو آئرلینڈ کو شکست دینا ہوگا پھر نیٹ رن ریٹ کو بھی بہتر بنانا ہوگا لیکن پاکستان کے لئے سب سے بڑی مشکل بارش ہے۔محکمہ موسمیات نے جمعے اور اتوار کو گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے اگر امریکا اور آئر لینڈ کا میچ بارش کی نذر ہوگیا اور پاکستان اور آئر لینڈ کا میچ بارش کی وجہ سے نہ ہوسکا تو ورلڈ کپ میں پاکستان کا سفر ختم ہوسکتا ہے۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں بھی مشکل میں پھنس گئیں، افغانستان سے شکست کے بعد نیوزی لینڈ کا باقی تینوں میچز جیتنا ضروری ہوگیا ہے۔ امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاڈرہل میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچز بارش سے متاثر ہونے کاامکان ہے۔لاڈرہل میں اگلے چند روز میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی ہے اور لاڈرہل میں بارشیں اگر مگر پر منحصر پاکستان ٹیم کی امیدوں پر پانی پھیر سکتی ہے۔جمعہ14جون کو امریکا اور آئرلینڈ کے میچ میں بارش کے 91 فیصد امکان ہے۔ پاکستان کی امیدوں کو زندہ رکھنے کیلئے اس میچ میں آئرلینڈ کی جیت لازمی ہے اور میچ واش آؤٹ ہونے کی صورت میں پاکستان سپر ایٹ کی دوڑ سے باہر ہوجائے گا۔امریکا ایک پوائنٹ سے دوسرے مرحلے میں کوالی فائی کرجائے گا۔اگر جمعے کو میچ بارش سے نہ ہوسکا تو اتوار کا میچ محض رسمی کارروائی ثابت ہوگا۔