• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ شہری آبادی والا ملک بن گیا

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ/قاسم عباسی) پاکستان جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ شہری آبادی والا ملک بن گیا، بیرون ملک پاکستانیوں کی تعداد 13.5 ملین سے زائد؛ گزشتہ 50 سالوں میں آبادی میں تین گنا اضافہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے تازہ ترین اقتصادی سروے سے انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان گزشتہ 50 سالوں میں اس کی کل آبادی میں تین گنا سے زیادہ اضافے کے ساتھ جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ شہری آبادی والا ملک بن گیا ہے۔ اس کے علاوہ تازہ ترین سروے اس بات کی بھی نشاندہی کرتا ہے کہ اپریل 2024 میں 50 سے زائد ممالک میں پاکستان کے بیرون ملک مقیم مزدوروں کی کل تعدا د 13.5 ملین ریکارڈ کی گئی۔ تقریباً 96 فیصد پاکستانی رجسٹرڈ ورکرز خلیج تعاون کونسل کے ممالک بالخصوص سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں بیرون ملک ملازمت کے لیے ہیں۔ مزید اعداد و شمار اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ 2023 کے دوران بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ (بی ای اینڈ او ای) اور اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن (او ای سی) نے بیرون ملک ملازمت کے لئے 862,625 ورکرز کو رجسٹر کیا۔ 2022 (832,339) کے مقابلے 2023 (862,625 ) میں رجسٹرڈ تارکین وطن کے لحاظ سے مجموعی طور پر بڑھتا ہوا رجحان (4 فیصد) دیکھا گیا۔ بی ای اینڈ او ای کے مطابق 2023 کے دوران 49.5 فیصد سے زیادہ (426,951) پاکستانی مزدور ملازمت کے لیے سعودی عرب اور اس کے بعد روزی کمانے کیلئے متحدہ عرب امارات (26.7 فیصد) آئے۔ عمان نے 60,046 پاکستانی ورکرز (7.0 فیصد) کو ملازمت دی جبکہ قطر نے 55,112 افراد (6.4 فیصد) کو ملازمتوں کی پیشکش کی۔ بحرین اور ملائیشیا نے 13,345 ورکرز (1.5 فیصد) اور 20,905 ورکرز (2.4فیصد) کی میزبانی کی۔ 2023 میں روزگار کے لیے بیرون ملک جانے والے ورکرزکی سب سے زیادہ تعداد پنجاب (489,301) سے تھی، اس کے بعد خیبر پختونخواہ (210,150)، سندھ (72,382) اور قبائلی علاقے (36,609) تھے۔
اہم خبریں سے مزید