• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی افریقا نے ورلڈ کپ سیمی فائنل افغانستان کے لیے ڈراؤنا خواب بنا دیا، پروٹیز پہلی بار فائنل میں پہنچ گئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جنوبی افریقا نے چوکرز کا داغ کو دھوکرتاریخ میں پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ حیران کن کارکردگی دکھانے والی افغانستان ٹیم کو 9وکٹ کی بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔فائنل کھیلنے کا سپنا ڈراؤنا خواب بن گیا۔ میچ کا فیصلہ 67گیندیں پہلے ہوگیا۔ پروٹیز بولروں نے افغان بیٹرکو روند دیا۔ شکست کے بعد افغان کھلاڑیوں کی آنکھوں سے آنسو رواں تھے۔ فاسٹ بولر مارکو جانسن نے16رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ جمعرات کو برائن لارا اسٹیدیم میں ناکام ٹیم 11.5 اوور میں 56 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جنوبی افریقہ نے مطلوبہ ہدف بآسانی 8.5 اوور میں ایک وکٹ پر پورا کرلیا۔ ٹاس کے علاوہ کچھ بھی افغانستان کے حق میں نہیں رہا، افغان ٹیم کا صرف ایک کھلاڑی ہی ڈبل فیگر میں داخل ہوسکا، عظمت اللہ عمرزئی 10 رنز بناکر نمایاں رہے۔ اوپنر رحمان اللہ گرباز پہلے ہی اوور میں کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے، ابراہیم زردان 2، گلبدین نائب 9، ننگیالے خروٹی 2، کریم جنت اور راشد خان 8،8 نوین الحق 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ مارکو جانسن اور تبریز شمسی نے 3،3 کگیسو ربادا اور اینرک نورکیا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں پروٹیز کو صرف ڈی کاک کی صورت میں واحد نقصان اٹھانا پڑا جو 5 رنز بنانے کے بعد فضل الحق فاروقی کا شکار بنے، ریزا ہینڈرکس 29 اور کپتان ایڈن مارکرم نے 23 رنز بناکر ناقابل شکست رہے ۔

اسپورٹس سے مزید