• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائیکورٹ، کے الیکٹرک سے بلاتعطل بجلی فراہمی کا پلان طلب، لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے کے الیکٹرک سے قیامت خیز گرمی میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی کا پلان طلب کر لیا، جسٹس ذولفقار احمد خان اور جسٹس مسز راشدہ اسد پر مشتمل ڈویژنل بینچ کے روبرو جماعت اسلامی کی الیکٹرک کے خلاف لوڈشیڈنگ سے متعلق درخواست پر سماعت چیمبر میں ہوئی ، جماعت اسلامی کے وکیل سیف الدین جبکہ کے الیکٹرک کی طرف سے عابد زبیری پیش ہوئے،عدالت نے کے الیکٹرک کو لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کردی ، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ شہر میں ہیٹ ویو کے باعث پریشان کن صورتحال ہے، کے الیکٹرک عوام کو بلا تعطل بجلی فراہم کرے، عابد زبیری نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کہیں نہیں ہو رہی جس پر عدالت عالیہ نے ہیٹ ویو سے نمٹنے کا پلان طلب کر لیا اور کے الیکٹرک کو 15 جولائی تک کے لئے نوٹس جاری کردیا، عدالت نے فریقین سے ہیٹ ویو سے نمٹنے کے لئے پلان بھی طلب کر لیا، درخواست میں کہا گیا کہ کے الیکٹرک غلط بیانی کر رہی ہے کہ 71 فیصد فیڈرز لوڈ شیڈنگ فری ہیں ، ٹیکنیکل فالٹس بھی کے الیکٹرک کی ذمہ داری ہیں کہ تمام خرابیاں دور کرے ، کراچی میں 16 گھنٹے کی روزانہ اوسط لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے، اب رات میں بھی 2 سے 4 گھنٹے لوڈ شیڈنگ شروع کردی گئی ہے، کے الیکٹرک کی کارکردگی سے کراچی کا کاروباری طبقہ اور طالب علم بھی متاثر ہو رہے ہیں، جو لوگ بل ادا کرتے ہیں ان صارفین کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنٰی قرار دیا جائے، مخصوص گھروں کی بلوں کی عدم ادائیگی پر فیڈر بند کرکے لوڈشیڈنگ سے کے الیکڑک کو روکا جائے۔ نیپرا کا فیصلہ موجود ہے کہ بل ادا کرنیوالوں کے گھروں میں لوڈ شیڈنگ نہ ہو عمل درآمد کروایا جائے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید