کراچی (اسٹاف رپوٹر) مرکزی تنظیم عزاداری پاکستان کے زیرِ اہتمام فروغِ عزاداری و استحکام پاکستان کانفرنس کا انعقاد ہوا جس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بقاء و سالمیت اور اس کے مسائل کا حل کربلا کی یاد میں پوشیدہ ہے اور واقعہ کربلا اقدار کی بحالی کے لئے رونما ہوا جبکہ امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانی اسلامی اقدار کے لئے تھی ، صدر مرکزی تنظیم عزاداری پاکستان ایس ایم نقی کا کہنا تھا کہ حسینیت ذمہ داری کا نام ہے اور ہر حسینی ذمہ دارنہ رویہ اختیار کرے کیونکہ وطنِ عزیز پاکستان جن حالات سے دوچار ہے اس میں غیر ذمہ دارانہ رویوں کی کوئی گنجائش نہیں، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنما علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا کہ ہم عزاداری امام حسین علیہ السلام پر امن ماحول میں منانا چاہتے ہیں تاکہ کسی بھی قسم کے تصادم سے گریز کیا جاسکے جبکہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ زائرین کے مسائل کوفور ی حل کیا جائے تاکہ عوام میں موجود اضطرابی کیفیت کا خاتمہ ہو انہوں نے کہا کہ ایام عزاء کے دوران کے الیکٹرک کی جانب سے کی جانے والی لوڈشیڈنگ کا بھی کوئی معقول حل نکالا جائے تاکہ عزاداران کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے کانفرنس میں علامہ فرقان حیدر عابدی، علامہ جعفر سبحانی،علامہ عوسجہ رضوی،سرور علی ،محمد بخاری، شبر رضا، مبشر حسن،حسن صغیر عابدی، علی عرفان عابدی نے شرکت کی۔