کراچی( اسٹاف رپورٹر )ڈیفنس میں رات گئے بگٹی قبیلے کے دو گروپوں کے درمیان مبینہ تصادم میں 5افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔جمعرات کی شب درخشاں تھانے کی حدود ڈی ایچ اے خیابان نشاط کمرشل لین 10پیزا میکس کے قریب دو گروپوں فہد بگٹی اور علی حیدر بگٹی گروپ کے درمیان فائرنگ میں 7 افراد زخمی ہوئے،زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 5 افراد نے دم توڑ دیا جبکہ دو افراد زخمی بتائے جاتے ہیں۔جاں بحق افراد میں میر محسم بگٹی، میر عیسیٰ بگٹی، علی بگٹی ،فہد بگٹی اور نصیب اللہ بگٹی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کے نام میر علی حیدر بگٹی اور قائم علی بتائے گئے ہیں۔اس حوالے سے ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا کہ پونے گیارہ بجے واقعہ پیش آیا ۔ڈیفنس فیز 6میں رہائش پذیر ایک شخص تھا،مخالف گروپ کے لوگ یہاں آئے ،اسد رضا نے بتایا کہ اس دوران تکرار ہوئی جس کے بعد فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ۔ڈی آئی جی ساؤتھ نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج جمع کررہے ہیں ۔واقعہ ذاتی دشمنی کا ہے ۔دونوں گروپوں کی گاڑیاں یہاں کھڑی ہیں،ہم ہر پہلو سے تحقیقات کررہے ہیں ۔ممکن ہے کہ گاڑیوں کی ٹکر کی وجہ سے جھگڑے کا آغاز ہوا ہو۔انہوں نے بتایا کہ لڑنے والوں کا تعلق ایک ہی قبیلے سے ہے ۔جناح اسپتال میں ہم نے ایمرجنسی نافذ کروائی ہے ۔واقعہ میں مختلف چھوٹے اور بڑے ہتھیار استعمال کئے گئے ہیں۔ایس ایس پی سائوتھ ساجد امیر سدوزئی کے مطابق تصادم میں ایک گروپ کے تین اور دوسرے گروپ کے دو افراد ہلاک ہوئے ۔مسلح تصادم فہد بگٹی گروپ اور علی حیدر بگٹی گروپ کے افراد کے درمیان ہوا۔انہوں نے بتایا کہ ایک گروپ کے دو افراد 50سالہ فہد بگٹی اور 35سالہ نصیب اللہ بگٹی جبکہ دوسرے گروپ علی حیدر بگٹی گروپ کے تین افراد میر محسم بگٹی،میر عیسیٰ بگٹی اور اور گن مین میر علی بگٹی جاں بحق ہوئے جبکہ اسی گروپ کے دو افراد میر علی حیدر بگٹی اور قائم علی زخمی ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ فریقین کا تعلق نوابزادہ اکبر بگٹی کے خاندان سے ہے۔جناح اسپتال کی ایمریجنسی کے باہر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔ڈیفنس فائرنگ واقعہ دونوں گروپس کے افراد بڑی تعداد میں جناح اسپتال کی ایمر جنسی کے باہر پہنچ گئے ۔ایمرجنسی میں زخمیوں اور بیمار افراد کے علاوہ کسی کو جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ پولیس کے مطابق کسی بھی تصادم سے بچنے کے لئے نفری کو تعینات کیا گیا ہے ۔جناح اسپتال میں پانچ لعشیں لائی گئی ہیں جبکہ دو زخمیوں کو جناح اسپتال سے پرائیوٹ اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس نے 12مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ،ساوتھ پولیس نے واقعے کے بعد مختلف مقامات پر چھاپہ مارے۔